متحدہ عرب امارات اور پاکستان کا دفاعی تعاون کو فروغ دینے کا عزم
یواے ای کے سفیرحمدعبیدالزعابی اور زبیدہ جلال کے درمیان ملاقات
اسلام آباد(اردوویکلی)::پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر جناب حمد عبید الزعابی نے پاکستان کی وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امور اور حالیہ علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا – اس ملاقات میں دونوں ممالک کے ان تجربات پر بات چیت بھی ہوئی جو کورونا وائرس کی عالمی وباء سے نمٹنے میں حاصل ہوئے جبکہ متاثرہ ممالک کیلئے متحدہ عرب امارات کی طرف سے بھجوائی جانے والی امداد پر گفتگو کے ساتھ اس عالمی وباء کے اثرات کو روکنے اور محدود رکھنے کی خاطر بین الاقوامی تعاون اور یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا گیا – اماراتی سفیر نے دونوں ممالک کے تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور انہیں تمام شعبوں میں فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا – انہوں نے پاکستانی وزیر کو آئیندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں ہونے والی بین الاقوامی دفاعی نمائش اور کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی – انہوں نے کہا کہ یہ نمائش اور کانفرنس دفاعی شعبے میں ہونے والی تازہ ترین ترقی اور پیشرفت کے اظہار کا اہم موقع ہوگا ، اس سے شریک فریقین اور بین الاقوامی کمپنیوں کے درمیان نئی شراکت داری کے مواقع بھی پیدا ہونگے – زبیدہ جلال نے دونوں ممالک کے مثالی تعلقات کو سراہتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی دفاعی صنعت کی ستائش کی اور باہمی دلچسپی و مفاد کے تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کیلئے پاکستانی کی خواہش کا اظہار کیا (نیوزبشکریہ وام)۔