
بھارتی فلم انڈسٹری میں 90 کی دہائی کی مشہور اداکارہ جوہی چاولہ نے ایک بار کہا تھا کہ وہ کرشمہ کپور کے فلمی کامیابی (اسٹارڈم) کی ذمے دار ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جوہی چولہ آج اپنی 56ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔ ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے فلم انڈسٹری کی دشمنیوں کا ذکر کیا تھا۔
دوران گفتگو انہوں نے کہا تھا کہ کرشمہ کپور کی فلمی کامیابی کی ذمے دار میں ہوں، میں نے عامر خان کے مقابل’راجا ہندوستانی‘ کرنے سے انکار کیا تو وہ کرشمہ کپور کو مل گئی۔
جوہی چاولہ نے مزید کہا تھا کہ میں آج بھی اپنی ہم عصر اداکاراؤں (مادھوری ڈکشٹ، کرشمہ کپور، روینہ ٹنڈن اور منیشا کوئرالہ) کو اردگرد دیکھ رہی ہوں۔
دوران انٹرویو اداکارہ نے فلم انڈسٹری میں کام کے دوران کیے گئے اپنے احمقانہ فیصلوں پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ میں نے راجا ہندوستانی کرنے سے انکار کیا تو کرشمہ کپور کامیاب اداکارہ بن گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے فلم جدائی میں کام کرنے کی آفر ہوئی، میں نے انکار کیا تو وہ کردار سری دیوی نے ادا کیا اور فلم بلاک بسٹر ثابت ہوئی۔
جوہی چاولہ سے جب پوچھا گیا کہ آپ نے 2014ء میں مادھوری کے ساتھ گلاب گینگ فلم کی، اس سے قبل آپ نے اداکارہ کے ساتھ کوئی فلم کیوں نہیں کی؟
اس پر انہوں نے جواب دیا کہ دراصل مجھے صرف ایک بار مادھوری کے ساتھ فلم دل تو پاگل ہے میں کام کرنے کی آفر ہوئی، جسے میں نے انکار کردیا، جو بعد ازاں کرشمہ کپور نے کی۔
جوہی چاولہ نے ہنستے ہوئے مزید کہا کہ دراصل میں اُس وقت لاابالی طبیعت کی تھی، کئی احمقانہ فیصلے کیے، جس فلم کو بھی انکار کیا وہ بلاک بسٹر ثابت ہوئی۔
اداکارہ نے مادھوری ڈکشٹ، کرشمہ کپور، منیشا کوئرالہ اور روینہ ٹنڈن سے متعلق بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم ایک دوسرے کے حریف تھے، ہر کوئی سولو ہیروئن کے طور پر فلموں میں کام کر رہا تھا، ہمارا موازنہ ہوتا تھا، بہت ہی کم فلمیں تھیں جس میں دو ہیروئنز ہوتی تھیں۔