سفیر پاکستان افضال محمودکی اماراتی وزیرمملکت برائے دفاع سےملاقات
ابوظہبی(اردوویکلی):: گزشتہ روزمتحدہ عرب امارات میں تعنیات پاکستانی سفیرافضال محمودنےوزیر مملکت برائے امور دفاع محمد بن احمد البواردی سے انکے آفس میں ملاقات کی۔امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنیسی وام کے مطابق وزارت کے دفتر میں ہونے والی ملاقات میں انڈرسیکریٹری وزارت دفاع متحدہ عرب امارات مطر سالم الظاھری اور دیگر سینئر عہدیداران بھی موجود تھے۔وزیرمملکت برائے دفاع جناب محمد بن احمد البواردی نے سفیرافضال محمود کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان ان کی حکومتوں کے وژن کے مطابق دفاعی شعبے میں تعلقات کے فروغ ، فوجی تربیت و مہارت میں تجربات کے تبادلے اور تعاون کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔امارات کے وزیرمملکت برائے دفاع اور سفیرپاکستان افضال محمود نے باہمی دلچسپی سے متعلق متعدد علاقائی اوراہم بین الاقوامی امور پر بھی بات چیت کی۔ پاکستانی سفیر نے کورونا بحران میں متحدہ عرب امارات کے مثالی کردار اوردنیا بھر کے ممالک کو اس عالمی وبا سے نمٹنے کے قابل بنانے میں انسانی ہمدردی، سماجی اور طبی بنیادوں پر فراہم کیے جانے والے اقدامات اورزریں تعاون کو بھی سراہا۔