حکومت کا اہم کارنامہ بزرگ شہریوں کے لیئے خصوصی مراعات کا اعلان۔
صدر مملکت عارف علوی نے سینئر سٹیزن بل اور نفاذ ملکیتی حقوق نسواں ترمیمی بل پر دستخط کر دیئے۔
اسلام آباد(اردوویکلی):: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد کے بزرگ شہریوں کے بل 2021 اور نفاذ ملکیتی حقوقِ نسواں (ترمیمی) بل پر دستخط کر دیے۔اس بل کے تحت ساٹھ سال سے زائد عُمر کے بزرگ شہری سینئیر سٹیزن کارڈ کے اہل ہوں گے۔ بزرگ شہریوں کو میوزیم، پارکس اور لائبریری جیسی سہولیات مفت حاصل ہوں گی ۔علاج معالجے، دواؤں پر رعایت، علیحدہ کاؤنٹر اور علیحدہ وارڈز کی سہولیات مہیا کی جائیں گی ۔بزرگ افراد کو فضائی اور ریلوے کے سفر پر20٪رعایت دی جائے گی ۔مستحق اور اہل بزرگ افراد کو مالی امداد بھی فراہم کی جائے گی ۔قانون کے تحت سینیئر سٹیزن کونسل کا قیام عمل میں لایا جائےگا، بزرگ افراد کے لیے اولڈ ایج ہوم دارالشفقت کا قیام بھی عمل میں لایا جائےگا،صدر مملکت نے نفاذ ملکیتی حقوقِ نسواں (ترمیمی) بل 2021 پر بھی دستخط کئے ۔نفاذ ملکیتی حقوقِ نسواں ایکٹ 2020 کے سیکشن 5 میں ترمیم کی گئی ترمیم کے تحت محتسب کے فیصلے کے خلاف صدر مملکت کو 30 دن کے اندر اپیل کی جا سکے گی ۔یادرہے ابتدائی طور پر اس قانون کا اطلاق صرف اسلام آباد کے بزرگ شہریوں پر ہوگا۔