انٹر سٹی بس سروس ابن بطوطہ بس اسٹیشن دبئی سے ابوظہبی مین بس اسٹیشن تک جائے گی۔
ابوظہبی (اردوویکلی)::دبئی سے ابوظہبی کے لیئے بس سروس کا دوبارہ آغاز کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بس سروس ابن بطوطہ مال بس اسٹیشن دبئی سے ابوظہبی کے مرکزی بس اسٹیشن تک جائے گی۔ابوظہبی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ دبئی اور ابوظہبی کے درمیان بس شٹل دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ ایجنسی ،ڈائریکٹر آر ٹی اے پلاننگ اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ عادل شکری نے کہا ہے کہ "بس سروس دبئی -ابوظہبی کے درمیان مسافروں کی نقل وحمل کے لیے بہت اہم ہے۔اس موقع پر آر ٹی اے کی جانب سے بس مسافروں کوہدائت کی گئی کہ وہ ماسک پہننے کے ساتھ ساتھ سماجی دوری سمیت تمام کوویڈ حفاظتی اقدامات پر عمل کریں۔اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ابوظہبی جانے والوں کو درج ذیل پروٹوکول پر عمل کرنا ہوگا۔کورونا ویکسین لگوانے والے افراد کی الحسن ایپ پر ان کا گرین سٹیٹس اور ‘ای کا نشان یا ستارہ کا نشان ہونا چاہیے اس کے علاوہ ویکسین نہ لگوانے والے افراد بھی ابوظہبی داخل ہوسکتے ہیں مگراس سے قبل انہیں منفی کورونا(پی سی آر)ٹیسٹ رپورٹ دکھاناہوگی جو48گھنٹے سے زائد نہ ہو۔