پاکستان مختلف ثقافتوں ، نسلوں اور تہذیبوں کا ایک خوبصورت امتزاج ہے(عارف علوی)۔
پاکستان پویلین ثقافتی بقائے باہمی کی حقیقی عکاسی کرتا ہے(عارف علوی)۔
دبئی(اردوویکلی)::صدرپاکستان ڈاکٹرعارف علوی نے بیگم ثمینہ علوی کے ہمراہ ایکسپو2020دبئی میں پاکستان پویلین کاباضابطہ افتتاح کیا ، جس کا موضوع ’پوشیدہ خزانہ‘ تھا۔صدر نے پاکستان پویلین کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور پویلین کے تخلیقی ڈسپلے کو سراہا جس میں ملک کی غیر دریافت شدہ زخآئر کی نمائش کی گئی۔انہوں نے فنکاروں کے کام کو سراہا جنہوں نے پویلین کو فن کا ایک بڑا حصہ بنایا۔دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستان پویلین کے باضابطہ افتتاح کے بعد میڈیا نمائندگان سے بات چیت میں صدر نے کہا کہ مستقبل میں ملک میں ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان مختلف ثقافتوں ، نسلوں اور تہذیبوں کا ایک خوبصورت امتزاج ہے اور اس نے ہمیشہ ایک پرامن ملک کے طور پر اپنے مثبت امیج کواجاگرکیاصدر نے کہا کہ پاکستان پویلین ثقافتی بقائے باہمی کی حقیقی عکاسی کرتا ہے اور بیرونی دنیا کے لیے ’پاکستان کا بہترین ذائقہ‘ فراہم کرتا ہے۔انہوں نے فنکاروں راشد رانا اور نثار ملک ، اور کیوریٹر نور جہاں بلگرامی سے ثقافت ، تاریخ اور دستکاری کے خوبصورت فنکارانہ میلان بارےبات چیت کی۔صدرپاکستان کے پاکستانی پویلین کے افتتاح کے موقع پرپویلین کے باہرپاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد جمع ہوگئی۔اورپاکستان زندہ بادکے نعرے لگائے۔افتتاحی تقریب میں پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیرجناب حمدعبیدابراہیم الزعابی،متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیرافضال محمود،وفاقی وزیرتجارت عبدالرزاق داؤد،قونصل جنرل دبئی حسن افضل خان ،پریس قونصلرمس شازیہ سراج ،اورپاکستانی کمیونٹی کی ممتازشخصیات بھی موجودتھیں۔