برمنگھم ٹیسٹ میں شکست کے بعد بھارت کی عالمی ٹیسٹ چمپئین شپ میں ایک درجہ تنزلی کے بعد پاکستان تیسرے نمبر پر پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق کووڈ سے متاثرہ ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست اور سلو اوور ریٹ کے جرمانے نے بھارتی ٹیم کو عالمی ٹیسٹ چمپئین شپ رینکنگ میں ایک درجہ نیچے دھکیل دیا ہے۔
بھارت کی اس تنزلی کا فائدہ پاکستان کو ہوا جو ایک درجہ ترقی پا کر تیسرے نمبر پر پہنچ گیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت کو ایجبسٹن ٹسٹ ہارنے کا نقصان عالمی ٹسٹ چمپئن شپ کی پوائنٹ ٹیبل میں بھی اٹھانا پڑا ہے۔
بھارت اور انگلینڈ کے خلاف پانچویں کرکٹ ٹیسٹ میں سست اوور رفتار کے لئےمیچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ لگایا گیا ہے۔ اس وجہ سے ٹیم انڈیا کے آئی سی سی عالمی ٹسٹ چمپئن شپ کے دو پوائنٹ بھی کاٹ لئے گئے۔
آئی سی سی میچ ریفری ڈیوڈ بون نے یہ جرمانہ لگایا، جب بھارتی ٹیم مقررہ وقت میں دو اوور پیچھے رہ گئی تھی۔ اب پاکستان کی کرکٹ ٹیم تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔
Advertisement
بھارت بمقابلہ انگلینڈ ٹیسٹ میچ ختم ہونے پر آئی سی سی نے ایک بیان میں کہا، ’کھلاڑیوں اور معاون اسٹاف کے لئے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی دفعہ 2.22 کے مطابق ہر ایک اوور کم رہنے پر کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ لگایا جاتا ہے۔
اس کے ساتھ ہی آئی سی سی عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ کھیلنے کی شرائط کی دفعہ 16.11. 2 کے مطابق، ایسے ہر اوور پر ایک پوائنٹ کاٹا جاتا ہے، بھارت کے دو پوائنٹ کاٹے گئے‘۔
بھارت کے عارضی کپتان جسپریت بمراہ نے سزا قبول کرلی، لہٰذا رسمی سماعت کی ضرورت نہیں پڑی۔
بھارت نے ڈبلیو ٹی سی کے دوسرے راونڈ 2021 تا 2023 میں اب تک 4 سیریز کھیلی ہے۔ اس میں سے 2 ہوم سیریز اور 2 غیر ملکی سرزمین پر ہوئی ہیں۔
ان سیریز میں 6 جیت، 4 ہار اور 2 ڈرا کے ساتھ بھارت کا فیصد آف پوائنٹ 52.08 ہے جبکہ پاکستان کا فیصد آف پوائنٹ 52.38 ہے۔
عالمی ٹیسٹ چمپئین شپ کے دوسرے راونڈ میں ابھی بھی بھارت کو مزید 2 ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہے۔ اس میں سے ایک ہوم سیریز اور دوسری بیرون ملک کھیلی جائے گی۔
پاکستان کو ابھی عالمی ٹیسٹ چمپئین شپ کے لئے مزید 7 ٹیسٹ اور کھیلنے ہیں۔ اس میں سے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف 5 ٹیسٹ پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔
علاوہ ازیں باقی ماندہ 2 ٹیسٹ میچز کھیلنے کے لئے پاکستان کی ٹیم سری لنکا میں موجود ہے اور اس سیریز میں کامیابی عالمی ٹیسٹ چمپئین شپ رینکنگ میں پاکستان کی پوزیشن کو مزید مستحکم کر سکتا ہے۔