برطانیہ میں 19 جولائی کو تاریخ کا سب سے زیادہ درجہ حرارت چالیس سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق یہ پہلی بار ہے جب برطانیہ میں چالیس سینٹی گریڈ سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ برطانوی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے سے قبل لندن کے ہیتھرو ائیر پورٹ میں یہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جبکہ محکمہ موسمیات نے 19 جولائی کی سہ پہر درجہ حرارت میں مزید اضافے کی پیشگوئی کی ہوئی ہے۔
قبل ازیں، برطانیہ میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 2019 میں ریکارڈ کیا گیا تھا جو 38.7 سینٹی گریڈ تھا۔
اس سے قبل 18 جولائی کو برطانیہ کی گرم ترین رات کا ریکارڈ بھی قائم ہوا تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 18 جولائی کی رات کو لندن کے مضافات میں درجہ حرارت 25.8 سینٹی گریڈ رہا تھا۔
Advertisement
گزشتہ ہفتے اسپین کے ایک علاقے میں 41.8 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جبکہ فرانس میں 40 سینٹی گریڈ درجہ حرارت رہا جو جولائی میں سب سے زیادہ درجہ حرارت کا ریکارڈ ہے۔ 18 جولائی کو آئرلینڈ میں 1887 کے بعد پہلی بار درجہ حرارت 33 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یورپی ممالک کو درجہ حرارت میں اضافے سے بہت زیادہ نقصان ہوسکتا ہے کیونکہ یہاں کبھی درجہ حرارت اتنا زیادہ نہیں رہا۔
انہوں نے کہا کہ لوگ اس طرح کے درجہ حرارت سے مقابلہ کرنے کے لیے تیار نہیں۔