سری لنکا کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ ایشیا کپ کی میزبانی کا فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل سے مشاورت کے بعد کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کرکٹ بورڈ ایونٹ کی میزبانی کی مشاورت کے لیے ایشین کرکٹ کونسل سے ملاقات کرے گی جس میں ایشیا کپ کی میزبانی گھر پر کرانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
توقع کی جارہی ہے کہ سری لنکا کرکٹ بورڈ اور ایشین کرکٹ کونسل کی یہ ملاقات 28 جولائی کو ہو گی۔
سری لنکن میڈیا کے مطابق، ملک کی وفاقی حکومت نے کرکٹ بورڈ سے کہا کہ وہ اس سال ہونے والے ایشیا کپ کے مستقبل کے حوالے سے اے سی سی سے مشورہ کرے۔
Advertisement
سری لنکا کے ایک میڈیا نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایک اعلیٰ حکومتی اہلکار نے پہلے ہی سری لنکا کرکٹ بورڈ حکام سے بات چیت کی اور سری لنکا میں ایشیا کپ 2022 کی میزبانی کے لیے گرین لائٹ دے دی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سری لنکا کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کو آگاہ کیا تھا کہ جاری اقتصادی اور سیاسی بحران کی وجہ سے اس جزیرے پر ایشیا کپ کی میزبانی ممکن نہیں ہو گی۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ کی میزبانی کے حوالے سے بی سی سی آئی کے صدر سارو گنگولی نے دعویٰ کیا کہ یہ ٹورنامنٹ اب یو اے ای میں ہوگا۔
علاوہ ازیں بنگلہ دیش نے بھی سری لنکا کے حالات کی وجہ سے خود کو ایشیا کپ کی میزبانی کے لیے پیش کیا تھا
ٹورنامنٹ 24 اگست سے شروع ہونا ہے اور 11 ستمبر تک چلے گا۔ کوالیفائر میں متحدہ عرب امارات، سنگاپور، کویت اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
Advertisement
پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان پہلے ہی ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔
Advertisement