پاکستان بزنس پروفیشنل کونسل ابوظہبی زیراہتمام پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کی پروقارتقریب۔
.پاکستان ملک کی بنیادپرنہیں بلکہ ایک مقصدکے تحت وجودمیں آیا
ہم نے پاکستان میں سیاحت کو مزید فروغ دیا اور
پاکستان کو ایڈونچر اور نیچر کی سرزمین کے طور پر پیش کیا(ڈاکٹرقیصرانیس سید)
ابوظہبی (اردوویکلی)::گزشتہ روزصدرپاکستان بزنس پروفیشنل کونسل ڈاکٹرقیصرانیس سیدکی زیرصدارت ایلیٹ اینڈہادی شاہدآفس ابوظہبی میں پاکستان کی 75ویں یوم آزادی کی مناسبت سے ایک پروقارتقریب کااہتمام کیا گیاجس میں صدرآئرش بزنس کونسل ،میڈم نولین سعید، مسٹر دھیا حسین، چیئرمین کینیڈین بزنس کونسل اور مسٹر کرسچن ریڈول، بورڈ ممبر فلپائن بزنس کونسل، اور دیگر بزنس کونسلز کے عہدیداران ،ممبران پاکستان بزنس پروفیشنل کونسل کے علاوہ مختلف ریاستوں میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ممتازسماجی وکاروباری شخصیات نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔تقریب کی نظامت کے فرائض نائب صدر پروگرامزپاکستان بزنس پروفیشنل کونسل ابوظہبی محمداقبال نسیم نے بحسن وخوبی انجام دیئے۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہواجس کی سعادت شہاب الدین نے حاصل کی، اس کے بعد بالترتیب متحدہ عرب امارات اور پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا۔
پاکستان بزنس پروفیشنل کونسل ابوظہبی کے صدر ڈاکٹرسیدقیصر انیس نے معزز مہمانوں، بورڈ ممبران، کونسل کے ممبران اور دوستوں کا خیرمقدم کیا اور انہیں اس شاندار تقریب میں شرکت پرخوش آمدید کہامیزبان وصدرتقریب ڈاکٹرقیصر انیس نے استقبالیہ تقریب سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کے تاریخی دن پرہم بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی خدمات اور قربانیوں کے نتیجے میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن وجود میں آیا۔
ڈاکٹرقیصر نے کہا "حکومت پاکستان ،سیاحت کے فروغ کے لیے غیر معمولی کوششیں کر رہی ہے۔ پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے ساتھ آسٹریا پاکستان ایسوسی ایشن کے تعاون سے کونسل کی حالیہ کانفرنسوں میں ہم نے پاکستان میں سیاحت کو مزید فروغ دیا اور پاکستان کو ایڈونچر اور نیچر کی سرزمین کے طور پر پیش کیا پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور کونسل کے درمیان معاہدے کی یادداشت کے تحت مسلسل کام کر رہے ہیں۔
ڈاکٹرقیصر نے اس بات پرزوردیا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کی اقتصادیات کی حمایت میں اہم کردارادا کیا ہے اور پاکستان سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان میں بینکنگ، ٹیلی کمیونیکیشن،زراعت اوررئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی ہے۔
ڈاکٹر قیصر نے سابق صدرمتحدہ عرب امارات مرحوم عزت مآب شیخ خلیفہ بن زاید آل نھیان کی جانب سے پاکستان میں 60 سکولوں کے قیام کے تعاون پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ پاکستان کاساتھ دیا اورہرمشکل گھڑی میں پاکستان کی بڑھ چڑھ کرمدد کی ۔ متحدہ عرب امارات پاکستان اسسٹنس پروگرام کے تحت، 365 ملین ڈالر کی لاگت سے 131 منصوبے بنائے گئے۔ مشہور شیخ خلیفہ بن زاید النہیان روڈ اور شیخ خلیفہ بن زاید النہیان پل کے علاوہ صحت، صاف پانی کے منصوبے اور ویکسینیشن پروگرام کا آغاز کیا۔جس پر ہم حکومت امارات،عوام اور حکمران فیملی کے شکرگزارہیں پاکستان اپنے عظیم دوست ملک کا ہمیشہ شکر گزار رہا ہے اوررہیگا۔
رواداری اوربقائے باہمی کے وزیر،عزت مآب شیخ نہیان بن مبارک النہیان،اورکونسل کے سرپرست اعلیٰ نے تقریب سے ایک ویڈیو کے ذریعے خطاب کیا اورپاکستان کے 75ویں یوم آزادی پرایک پیغام دیااورحکومت پاکستان اورپوری پاکستانی قوم بالخصوص پاکستانی تارکین وطن کویوم آزادی کی مبارکباد دی۔
اپنے پیغام میں، "آج شام، ہم انسانی کوششوں کے تمام شعبوں میں پاکستان کی شاندار پیش رفت کا جشن منا رہے ہیں۔ یہ پاکستان کے تمام شہریوں کے لیے امن، خوشحالی فراہم کرنے کے عزم کا جشن ہے۔ یہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات کا جشن بھی ہے۔
پاکستان بزنس پروفیشنل کونسل ابوظہبی کے بورڈ ممبران اور پاکستانی کمیونٹی کے ممبران مسٹربدر الزمان، آصف زمان خان، ڈاکٹر محمد فرحان اور جناب شہاب الدین نے بھی خطاب کیا اور جشن آزادی اورقیام پاکستان کے لیئے کی گئی کوششوں اورقربانیوں کاذکرکیا اور یواے ای میں مقیم اوورسیز کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ مقامی قوانین کااحترام کریں اورکسی قسم کی سیاسی یاغیرمناسب سرگرمیوں میں بالکل حصہ نہ لیں اور نہ اسکی حمائت کریں ،سوشل میڈیاکے استعمال میں بھی مقامی قوانین اورعزت و احترام اور اخلاقیات کوملحوظ خاطررکھیں ۔ہمیشہ مثبت امیج اورقومی وقار کومدنظررکھیں۔تقریب کے اختتام پریوم آزادی کی مناسبت خوبصورت کیک کاٹاگیاصدرپاکستان بزنس کونسل ڈاکٹرقیصر انیس نے تقریب میں شرکت کرنے پر ممبران، مہمانوں اور کمیونٹی ممبران کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی متحدہ عرب امارات کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے اور پاکستان کے نرم اور حقیقی امیج کو اجاگر کرنے میں ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔