پاک انگلینڈ سیریز کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں کا اعلان
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک انگلینڈ سیریز کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک انگلینڈ سیریز کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کل سے شروع ہوگی، کراچی میں شیڈول میچز کی ٹکٹ کی قیمت 250 سے 1500 تک رکھی گئی ہے۔
لاہور میں شیڈول میچز کی قیمت 500 سے 3 ہزار روپے رکھی گئی ہے جب کہ وی آئی پی انکلوژر کی قیمت ایک ہزار روپے کم کرکے 3 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ اور پاکستان کے مابین سات میچز پر مشتمل سیریز 20 ستمبر سے شروع ہوگی جب کہ 20 ستمبر کو ہونے والے میچ کی تمام رقم وزیراعظم فنڈ ریلیف میں عطیہ کی جائے گی۔
خیال رہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم 17 سال بعد پاکستان کا دورہ کررہی ہے اور یہ میچ اکتوبر میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اہم ہیں۔
Advertisement
شائقین بک می ڈاٹ کام ویب سائٹ یا ہیلپ لائن نمبر سے ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔
ڈائریکٹر کمرشل عثمان وحید کا کہنا ہے کہ کراچی میں ہونے والا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ شائقین اس میچ کی ٹکٹ خرید کر وزیر اعظم کے سیلاب ریلیف فنڈ میں رقم عطیہ کرنے میں پی سی بی کی مدد کرسکتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ ہماری قوم کو متحد کرتی ہے اور یہ ثابت کرنے کا وقت ہے کہ ہم اس مشکل گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
کراچی میں ہونے والے میچز کی ٹکٹ کی قیمتیں
وی آئی پی انکلوژر میں فضل محمود، حنیف محمد اور جاوید میانداد انکلوژر کے ٹیکٹ کی قیمت 1500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
Advertisement
پریمیم انکلوژر میں عمران خان، قائد اور وسیم اکرم انکلوژر میں 750 روپے ٹکٹ کی قیمت ہوگی جب کہ فرسٹ کلاس انکلوژر میں آصف اقبال، انتخاب عالم، اقبال قاسم، محمد برادران اور نسیم الغنی انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں جنرل انکلوژر میں ماجد خان، وقار حسن، وسیم باری اور ظہیر عباس انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت 250 روپے ہوگی۔
لاہور میں ہونے والے میچز کی ٹکٹ کی قیمتیں
وی آئی پی انکلوژرز میں فضل محمود اور عمران خان انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت 3 ہزار روپے، پریمیم انکلوژرز میں راجہ اور سعید انور انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت 1500 روپے ہوگی۔
فرسٹ کلاس انکلوژرز میں عبدالقادر، اے ایچ کاردار، جاوید میانداد اور سرفراز نواز انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت 750 روپے جب کہ جنرل انکلوژرز میں حنیف محمد، امتیاز احمد، انضمام الحق، ماجد خان، نذر، قائد، سعید احمد اور ظہیر عباس انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت 250 روپے ہوگی۔
Advertisement