متحدہ عرب امارات کی حکومت نے پیر تین اکتوبر2022 سے غیرملکیوں کے لیے ’گولڈن‘، ’ورچوئل‘ اور ’گرین‘ سمیت 10 اقسام کے اقاموں کا آغاز کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الامارات الیوم کے وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹم اور پورٹس سکیورٹی نے کہا ہے کہ غیرملکیوں کے لیے دس اقسم کے اقاموں کا اجرا شروع کیا گیا ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ان اقاموں کی مدت دو سے دس برس تک ہے اور تمام اقامے قابل توسیع ہیں۔
نئے اقامہ نظام میں سرمایہ کاروں، تاجروں، سائنسدانوں، ماہرین، ممتاز طلبہ، فلاحی خدمات، ڈاکٹروں اور زندگی کے تمام شعبوں کے ہنرمندوں کے لیے ویزوں اور اقاموں کی سہولت دی گئی ہے۔
اتھارٹی نے ویزا اور اقامے کی کارروائی کو مختصر اور آسان بنانے کے ساتھ سہولتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
Advertisement
متحدہ عرب امارات میں مقیم غیرملکی کی فیملی اورغیرملکی پاسپورٹ ہولڈر جی سی سی ممالک کے شہریوں کی اولاد و بیگمات کے لیے بھی اقامہ جاری ہوگا۔
علاوہ ازیں وفاقی اتھارٹی کے سربراہ کے جاری کردہ ضوابط کے مطابق انسانی حالات کی بنیاد پر بھی اقامے کا اجرا ہوگا۔
وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹم اور پورٹس سکیورٹی نے کہا ہے کہ ملک میں کفیل کا نظام مکمل طور پر ختم کردیا گیا ہے۔ نئے ویزوں کے نظام میں کفیل کے لیے کوئی جگہ نہیں۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ آئندہ آجر اور اجیر کے درمیان کاروباری تعلق پر انحصار ہوگا اور ریکارڈ وقت میں ویزا جاری ہوگا اور مقررہ سہولتوں کی فراہمی میں غیرمعمولی لچک کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غیرملکی اقامہ ختم ہونے یا منسوخ کیے جانے کے بعد ایک سے چھ ماہ تک امارات میں قیام کرسکیں گے۔
Advertisement