گلوبل T20 کینیڈا ٹورنامنٹ کا تیسرا ایڈیشن 20 جولائی سے 6 اگست تک ہونے کے لیے تیار ہے، جب کہ میجر لیگ کرکٹ (MLC) کا افتتاحی سیزن 13 سے 30 جولائی کے درمیان ڈیلاس میں ہونا ہے۔
حالیہ میڈیا رپورٹس کے مطابق، پی سی بی نے جی ٹی 20 اور ایم ایل سی کی پاکستانی کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی درخواست کا مثبت جواب دیا ہے لیکن ان کی شرکت کے لیے ایک شرط رکھی ہے۔ پی سی بی نے دونوں لیگز کے منتظمین سے کہا ہے کہ وہ اپنے متعلقہ T20 مقابلوں میں ہر کھلاڑی کی شمولیت کے لیے 25000 ڈالر ادا کریں۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ لیگز کے لیے منتخب پاکستانی کھلاڑی پی سی بی کی جانب سے رکھی گئی شرط سے خوش نہیں ہیں۔
ان کا موقف یہ ہے کہ منتظمین زیادہ کمانے والے کنٹریکٹ والے کھلاڑی کے لیے 25000 ڈالر کی رقم ادا کرنے کے متحمل ہوسکتے ہیں، لیکن وہ کم معاوضے والے کھلاڑیوں کے لیے اتنی زیادہ رقم کیوں ادا کریں گے؟ کھلاڑیوں کے مطابق بورڈ کو اس شرط پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔
دوسری جانب بورڈ چیئرمین کی عدم موجودگی میں اہم معاملات پہلے ہی ٹھپ ہیں۔ ان حالات میں مذکورہ شرط سے دستبردار ہونے کا فی الحال کوئی امکان نہیں۔