
بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ ریکھا کبھی بھی اپنی محسور کن شخصیت کے حوالے سے لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام نہیں رہی ہیں۔ ہر عہد کی پرکشش اداکارہ ریکھا نے حال ہی میں اپنی 69 سالگرہ منائی۔
ان کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ جہاں جاتی ہیں لوگ فوراً ہی ان کی جانب متوجہ ہوجاتے ہیں۔ چاہے وہ جنوبی بھارت کی مشہور اور مہنگی ترین ساڑھی کنجی ورم میں ملبوس ہوں یا پھر عام سی ساڑھی اور اس سے ملتا جلتا سینڈل پہنی ہوں۔ وہ ہر عہد کی فنکارہ سمجھی جاتی ہیں۔
ریکھا کی خاص بات یہ ہے وہ میڈیا کی فوری توجہ حاصل کر لیتی ہیں، ایسا کچھ 1980 کے عشرے میں اس وقت ہوا جب انہوں نے آنجہانی اداکار رشی کپور اور نیتو سنگھ کپور کی شادی میں شرکت کی اور غیر شادی شدہ ہونے کے باوجود وہاں سندور لگا کر شرکت کی۔
ہندو مذہب میں کنواری لڑکیاں سندور نہیں لگاسکتیں۔ ان کے ایسا کرنے کی وجہ سے وہاں موجود لوگوں کی ساری توجہ ان کی جانب مبذول ہوگئی تھی۔
تاہم ریکھا نے بعد میں بتایا کہ وہ ایک فلم کی شوٹنگ سے براہ راست وہاں پہنچی تھیں اور فلم کے سیٹ پر انہیں سندور لگانا تھا۔