پاکستان بزنس کونسل دبئی کے نومنتخب بورڈ اراکین کے اعزاز میں تقریب کاانعقاد۔
قونصل جنرل پاکستان دبئی حسین محمد مہمان خصوصی تھے۔
پاکستان بزنس کونسل دبئی کے نئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو مبارکباد۔
نئے بورڈممبران دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے نئے شعبوں میں سرمایہ کاری کی نشاندہی کریں۔(قونصل جنرل حسین محمد):۔
دبئی(اردوویکلی)::گزشتہ روزپاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں پاکستان بزنس کونسل دبئی کے نومنتخب بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اعزاز میں ایک پروقارتقریب کاانعقادکیاگیا۔منعقدہ تقریب میں قونصل جنرل جناب حسین محمد مہمان خصوصی تھے۔ ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل پاکستان حسین محمدنے سال 2025-2026کے لیئےنومنتخب بورڈآف ڈائریکٹرز، شبیر مرچنٹ، نور کریم آفریدی، افتخار علی تتلہ، محمد سلیم زکریا، کامران احمد ریاض، خرم خواجہ ،عمر شہزاد، کو مبارک باد دی، قونصل جنرل پاکستان نے سبکدوش ہونے والے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ان کی خدمات اور لگن پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، اور کہا کہ نئی قیادت کونسل کو مزید کامیابیوں کی طرف لے جانے کے لئے کام کرے گی، قونصل جنرل نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ باہمی احترام،اعتماد اورمضبوط تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پرزوردیا،انہوں نے نئے بورڈ سے کہا کہ وہ ایسے شعبوں کی نشان دہی اور فروغ جاری رکھیں ،جہاں دونوں ممالک باہمی فائدے کے لئے ایک دوسرے سے تعاون کر سکیں، انہوں نے نو منتخب بورڈ آف ڈائریکٹرز کو یقین دلایا کہ قونصلیٹ جنرل آف پاکستان مشترکہ اقتصادی اور سفارتی اہداف کو آگے بڑھانے کے لئے پاکستان بزنس کونسل دبئی کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔
سبکدوش ہونے والے ممبران اور نئے بورڈ نے بھی اجتماع سے خطاب کیا۔ انہوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بزنس ٹو بزنس تعاون بڑھانے میں پی بی سی اور اس کے ممبران کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مضبوط تعلقات کو برقرار رکھنے اور دونوں ممالک کے درمیان موجود اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو استوار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
نو منتخب چیرمین پاکستان بزنس کونسل دبئی شبیر مرچنٹ نے کہا کہ اگر میں بزنس کونسل میں تبدیلی نہیں لا سکا تومیں اپنے عہدے سے مستقعفی ہوجاؤنگامیں ابوظہبی و شارجہ بزنس کونسلزممبران کے علاوہ ناراض ممبران کو بھی ساتھ لے کر چلوں گا ، میرے ساتھ نوجوان اور نئے ڈائریکٹرز کی ٹیم ہے ،جن کا اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں اور معتبر نام رکھتے ہیں مجھے ان سے بہت سی توقعات اور امیدیں وابستہ ہیں، ہمیں صرف اور صرف پاکستان کی بات کرنا ہے اکائی بن کر آگے بڑھیں گے ،پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں تجارتی روابط کو مضبوط سے مضبوط تر بنایا جائے گا، شبیر مرچنٹ نے مزید کہا کہ مجھے کچھ ناراض ممبران نے بھی چیرمین منتخب ھونے پر مبارک باد دی ہے یہ اچھی روایت ہے میں ان کے جذبات کی قدر کرتا ہوں ،اپنی استطاعت کے مطابق جس حد تک ممکن ہوسکا بہتر سے بہتر کرتارہونگا ہمیں ہمیشہ سفارت خانہ پاکستان اور قونصلیٹ جنرل پاکستان دبئی سے ہر ممکن تعاون ملا۔
سابق چیرمین پی بی سی دبئی اقبال داود نے کہا ہم نے جو کچھ کیا وہ ٹیم ورک تھا انہوں نے بھی کونسل کی بہتری کے لیے بہت کچھ کیا ہماری ٹیم ان سے بہت کچھ سیکھے گی اور آگے بڑہیں گے۔تمام ممبران نے نو منتخب چیرمین شبیر مرچنٹ کو یقین دلایا کہ ہم آپ کے ساتھ چلیں گے اور ممبر سازی کے ذریعے ممبران کی تعداد میں اضافہ ہو گا نیززیادہ سے زیادہ بزنس خواتین کو ممبر بنایاجائے گا۔
پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں پاکستان بزنس کونسل دبئی کے نو منتخب بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اعزاز میں منعقد ہونے والی تقریب میں مہمان خصوصی قونصل جنرل پاکستان دبئی حسین محمد کے علاوہ پریس قونصلر محمد صالح،صدرپاکستان سوشل سینٹر شارجہ خالد حسین چوہدری ،اقبال داود سابق چیرمین پی بی سی، محمد اقبال تابانی الیکشن کمشنر پی بی سی احمد شیخانی،نبیل راشد قونصلر،سابق بورڈ آف ڈائریکٹرز پاکستان بزنس کونسل دبئی اور نو منتخب بورڈ آف ڈائریکٹرز،ممتازسماجی وکاروباری شخصیات اورمتحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی میڈیا کے اراکین کی بڑی تعدادنے شرکت کی