متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کاکشمیری بہن بھائیوں سےاظہاریکجہتی۔
ابوظہبی(اردوویکلی):: 5فروری کودنیا بھر کی طرح ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ منانے اور بھارتی تسلط اور غیر قانونی قبضے کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد میں پاکستان کی حمایت کے اعادہ کے لیےسفارت خانہ پاکستان ابوظہبی اور پاکستان قونصلیٹ دبئی میں سادہ مگر پروقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔جس میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر جناب افضال محمود نےیوم یکجہتی کشمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری عوام کے سے مکمل اظہار یکجہتی اور کشمیریوں کی حق خودارادیت کے لیئے جاری جائزجدوجہد کی خاطر پاکستان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کیا۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ 5اگست 2019 سےمقبوضہ جموں و کشمیر غیر انسانی فوجی محاصرے میں ہے، لاکھوں کشمیری اپنے ہی گھروں میں قید ہیں اور 9لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں نے انہیں یرغمال بنا رکھا ہے۔ بنیادی انسانی حقوق جیسے زندگی کا حق، آزادی، تعلیم، صحت، اظہار رائے کی آزادی اور معلومات تک رسائی سے انکار کر دیا گیا ہے۔ یہ غیر قانونی اقدامات بہت زیادہ انسانی تکالیف کا باعث بنے ہیں اوریہ سراسر بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔سفیرافضال محمود نے کشمیری عوام کے لیے حکومت پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنی ذمہ داری کے طور پرتمام بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگرکیاہے اور کرتا رہے گا۔ پاکستان کا حتمی مقصد کشمیری عوام کی خواہشات اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیرمسئلہ کاحل ہےیوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے پیغامات حاضرین کو پڑھ کر سنائے گئے۔ دوران تقریب بھارتی قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی جبکہ ایمبیسی کمپاؤنڈ میں کشمیریوں کے دکھوں کواجاگرکرنے والی تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔تقریب کے اختتام پر کشمیری شہداء کے ایصال ثواب اور تنازعہ کشمیر کے جلد اور پرامن حل کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔