بھارت سے آنے والی ائیر انڈیا کی فلائٹ میں تین مسافروں میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے پر ہانگ کانگ نے ائیر انڈیا پر ایک ہفتے کی پابندی عائد کر دی۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یہ پابندی ہفتے کے روز بھارت کی فضائی کمپنی ائیر انڈیا کی ایک پرواز میں تین مسافروں کی آمد کے بعدان کا کورونا کا نتیجہ مثبت آنے پر لگائی گئی ہے۔
ہانگ کانگ کی حکومت کے جاری کردہ قواعد کے مطابق، بھارتی مسافر صرف اس صورت میں ہانگ کانگ پہنچ سکتے ہیں جب ان کے پاس سفر سے 48 گھنٹے قبل کیے گئے ٹیسٹ سے کووڈ انیس کا منفی سرٹیفکیٹ ہوگا۔
مزید برآں، تمام بین الاقوامی مسافروں کو ہانگ کانگ کے ہوائی اڈے کے احاطے میں پوسٹ فلائٹ کووڈ 19 ٹیسٹ کروانا ضروری ہوتا ہے۔
ہانگ کانگ ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق 16 اپریل کو ایئر انڈیا کی دہلی،کولکتہ،ہانگ کانگ پرواز کے تین مسافروں کا آمد کے بعد کورونا ٹیسٹ مثبت ثابت ہوا تھا۔
ہانگ کانگ کے سول ایوی ایشن کے عہدیدار نے مزید کہا کہ ہانگ کانگ کی حکومت نے نئی دہلی اور کولکتہ سے ایئر انڈیا کی پروازوں پر 24 اپریل تک کے لئے پابندی لگائی ہے۔
واضح رہے کہ عالمی وبائی مرض کورونا کی وجہ سے دو سال کے وقفے کے بعد 27 مارچ کو بھارت میں باقاعدہ بین الاقوامی پروازیں دوبارہ شروع ہوئیں۔