بھارت کی ریاست اوڈیشہ کی پولیس ایک خاتون کی تلاش میں ہے جس نے اپنے شوہر کو قتل کرنے کے لیے مبینہ طور پر کرائے کے قاتلوں کو ایک لاکھ روپے ادا کیے۔
بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق گزشتہ روز بھوبنیشور کی پولیس نے کہا ہے کہ ایک شہری کے قتل کا منصوبہ ناکام ہونے کے بعد سے اُس کی بیوی فرار ہے۔
پولیس کو مطلوب خاتون کا شوہر بینایک بہیرا محکمہ ریلوے میں بطور سینیئر سیکشن انجینیئر کام کرتا ہے۔ دو نوجوانوں نے اُس پر اسٹیل کے پائپ سے اس وقت حملہ کیا جب وہ شام کو چہل قدمی کر رہا تھا۔
چیخ و پکار سننے پر مقامی افراد نے اس کو بچایا تھا تاہم حملہ کرنے والے دونوں نوجوان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ حملے میں بینایک بہیرا شدید زخمی ہو گیا اور مقامی ہسپتال میں اُس کا علاج کیا جا رہا ہے۔
بینایک بہیرا نے اپنی بیوی سلسلہ بہیرا، اُس کے ڈرائیور اشوک ساہو اور ایک اور شخص کے خلاف پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی۔
پولیس نے چھاپے کے دوران اشوک ساہو کو تو گرفتار کر لیا ہے لیکن خاتون ابھی قانون کی گرفت سے آزاد ہے جس کے بارے میں پتا چلا ہے کہ وہ ایک ماہ سے اپنے ایک مبینہ دوست کے ساتھ مختلف ناموں سے رہ رہی تھی۔
پولیس انسپکٹر سدھیر کمار ساہو کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے یہی ظاہر ہوتا ہے کہ ریلوے افسر کی بیوی نے اُس کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
گرفتار ڈرائیور نے اِس قتل کے منصوبے کے بارے میں پولیس کو بتایا ہے تاہم خاتون کی گرفتاری کے بعد ہی صورتحال واضح ہو سکے گی۔