یورپی یونین نے ٹیکنالوجی کمپنیوں پر گرفت مضبوط کرنے کے لیے نیا قانون منظور کیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یورپی یونین میں ڈیجیٹل سروسز ایکٹ (ڈی ایس اے) کے نام سے منظور کئے گئے قانون کے تحت ٹیکنالوجی کمپنیوں کو نقصان دہ اور غیر قانونی مواد ہٹانا لازمی ہوگا۔
نئے قانون سے یورپی یونین اور اس کے رکن ممالک کو بڑے آن لائن پلیٹ فارمز کے الگورتھم تک رسائی مل جائے گی۔ جس کی مدد سے وہاں موجود غیر قانونی مواد کو تیزی سے ہٹایا اور آن لائن مارکیٹ کو محفوظ بنایا جاسکے گا۔
ڈیجیٹل سروسز ایکٹ پر عمل نہ کرنے کی صورت میں ٹیکنالوجی کمپنیوں کو عالمی سطح پر اپنی آمدنی کا 6 فیصد تک جرمانہ ادا کرنا پڑسکتا ہے۔اس کے علاوہ مسلسل خلاف ورزیوں کی صورت میں ان پر مکمل پابندی بھی لگائی جاسکتی ہے۔
ڈی ایس اے سے متعلق یورپی کمیشن کی سربراہ ارزولا فان ڈیئر لائن نے بتایا کہ نئے قوانین آن لائن صارفین کو تحفظ فراہم کریں گے، ان سے اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنایا جائے گا اور تجارت کے مواقع پیدا ہوں گے۔
ارزولا فان ڈیئر لائن نے مزید کہا کہ جو چیز آف لائن غیر قانونی ہے وہ یورپی یونین میں آن لائن بھی غیر قانونی ہوگا۔
ڈی ایس اے سے متعلق گوگل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ادارہ قانون کی جزیات اور تکنیکی تفصیل جاننے کے لیے یورپی یونین کے متعلقہ حکام سے رابطے میں ہے، اور اس بات کا خواہش مند ہے کہ تاکہ قانون کا اطلاق ہر ایک پر یکساں ہوگا۔