بھارتی ریاست پنجاب میں ایک خاتون نے بیک وقت 4 صحتمند بچوں کو جنم دیا ہے جس کو دیکھ کر ڈاکٹرز بھی حیران رہ گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست پنجاب کے شہر امرتسر میں ایک خاتون نے گرونانک دیو اسپتال میں بیک وقت 4 بچوں کو جنم دیا جس میں دو لڑکے اور دو لڑکیاں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق چاروں بچے صحتمند ہیں جن کا وزن دیڑھ کلو کے قریب ہے تاہم چاروں بچوں کو فی الحال آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔
آپریشن کرنے والے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ وہ پانچ سال سے اس اسپتال میں کام کررہے ہیں لیکن انہوں نے کبھی ایک ساتھ 4 بچوں کی پیدائش نہیں دیکھی۔
ان کا کہنا تھا کہ کئی خواتین بیک وقت تین بچے تو جنم دیتی ہیں لیکن بچے صحتمند نہیں ہوتے اور تمام بچوں کا وزن بھی دیڑھ کلو کے قریب ہوتا ہے۔
بچوں کو جنم دینے والی ماں سرنجیت کا کہنا ہے کہ ان کی پہلے سے ایک بیٹی تھی جس کے بعد انہیں بیٹے کی خواہش تھی جو کہ اب وہ بھی پوری ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ اولاد کے لیے تڑپتے ہیں پر خدا نے ان کی سن لی ہے، انہوں نے دعا دی کہ خدا کسی کی کوکھ کو خالی نہ رکھے۔
اس خوشی کے موقع پر خاتون کے گھر والے بھی کافی خوش ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اللہ جو بھی کرتا ہے بہتر ہی کرتا ہے جبکہ انہوں اسپتال کے ڈاکرز کا بھی شکریہ ادا کیا۔