امریکی صدر جو بائیڈن کے جنوبی کوریا اور جاپان کے دورے کے دوران چین کے وزیر خارجہ کا بیان سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایشیا میں امریکی سفارتی کوششیں بالآخر ناکام ہوں گی۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق گزشتہ روز چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ امریکا کی نام نہاد انڈو پیسیفک اسٹرٹیجی درحقیقت تقسیم پیدا کرنے، مخاصمت کو ابھارنے اور امن کو تباہ کرنے کی حکمت عملی ہے اور اسے جس طرح سے بھی پیش کیا جائے، بالآخر اس نے ناکام ہونا ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن کے ایشیا کے پہلے دورے کو اس خطے میں اپنی تجارتی اور فوجی برتری کو برقرار رکھنے کے امریکی عزم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اور یہ دورہ ایسے وقت ہو رہا ہے جب چین کو کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لگائے گئے لاک ڈاؤن کے باعث اقتصادی مشکلات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ منگل کو صدر جو بائیڈن امریکا، جاپان، آسٹریلیا اور بھارت پر مشتمل اتحاد، کواڈ گروپ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے جس میں خطے میں مشترکا مفادات پر کام کرنے کے لیے بات چیت کی جائے گی۔
Advertisement
چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ امریکا آزادی اور کھلے پن کے نام پر چھوٹے گروہ تشکیل دے رہا ہے اور یہ سب کچھ اس لیے کیا جا رہا ہے تاکہ چین کو روکا جا سکے۔ امریکا کی جانب سے خطے میں افراتفری پھیلانے کی غرض سے خاص طور پر تائیوان کارڈ اور ساؤتھ چائنا سی کارڈ کھیلنا زیادہ خطرناک ہے۔
واضح رہے کہ چین اور امریکا کے مابین کئی امور پر شدید اختلافات ہیں جن میں مشرقی اور جنوبی بحیرہ چین میں چین کی سرگرمیاں، تائیوان پر چین کا دعوٰی اور امریکا کے مطابق انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں شامل ہیں۔