اقوام متحدہ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق روس کے یوکرین پر حملے سے دنیا میں گھروں سے بے دخل کیے جانے والے افراد کی تعداد کو پہلی بار 10 کروڑ سے بڑھا دیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق پیر کو اقوام متحدہ کی پناہ گزینوں کے لیے کام کرنے والی ایجنسی یو این ایچ سی آر نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ یوکرین میں جنگ اور دیگر تباہ کن تنازعات کے باعث دنیا میں تشدد اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد پہلی بار دس کروڑ کے ہندسے کو عبور کر گئی ہے۔ یو این ایچ سی آر کے مطابق یہ تعداد تشویشناک ہے
اقوام متحدہ کے مطابق گزشتہ برس کے اختتام پر ایتھوپیا، برکینا فاسو، میانمار، نائجیریا، افغانستان اور کانگو میں تشدد کے واقعات کے باعث بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد نو کروڑ تھی۔
رواں سال روسی حملے کے بعد یوکرین کے اندر 80 لاکھ شہری بے گھر ہوئے جبکہ 60 لاکھ افراد نے پناہ کی تلاش میں سرحد پار کی۔
یو این ایچ سی آر کے سربراہ فلیپو گرانڈی نے کہا کہ دس کروڑ ایک بڑی تعداد ہے اور کئی لحاظ سے تشویشناک ہے۔ یہ ایک ایسا ریکارڈ ہے جو قائم نہیں ہونا چاہیے تھا۔
Advertisement
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کو دنیا کو جگانے کے لیے ایک آواز کے طور پر ہونا چاہیے تاکہ یہ تباہ کن تنازعات کو حل کرنے اور روکنے، ظلم و ستم کے خاتمے، اور ان بنیادی وجوہات کو حل کرنے کے لیے کام کریں جو بے گناہ لوگوں کو اپنے گھروں سے بھاگنے پر مجبور کرتے ہیں۔
یو این ایچ سی آر کے مطابق اس تعداد میں مہاجرین، پناہ گزین، اور پانچ کروڑ ایسے افراد شامل ہیں جو اپنے ہی ملکوں میں بے گھر ہوئے۔