پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے کرکٹرز دو طرفہ سیریز میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ سرحد کے دونوں اطراف کے کھلاڑی مستقل بنیادوں پر ایک دوسرے کا سامنا کرنے کو ترجیح دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے کرکٹرز ایک دوسرے کے خلاف کھیلنا چاہتے ہیں لیکن ریاستی سطح کے معاملات ہمارے اختیار میں نہیں ہیں۔
محمد رضوان اس سال کاؤنٹی چیمپئین شپ کے ڈویژن ٹو میں سسیکس کے لیے بھارت کے بلے باز چیتشور پجارا کے ساتھ کھیلنے کے تجربے کے بارے میں بتا رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے ساتھی سے سیکھا اور ان کے ساتھ بیٹنگ کے بارے میں خیالات کا تبادلہ کرنا اپنے لیےفائدہ مند سمجھا۔
Advertisement
محمد رضوان نے کہا کہ میں نے پجارا سے کاؤنٹی چیمپئین شپ میں کرکٹ کے حوالے سے بات کی اور ان سے بہت سی چیزیں سیکھیں۔
قومی کرکٹر نے محمد حارث کے بارے میں بات کی جنہوں نے اس سال پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان اسکواڈ میں جگہ بنائی،محمد رضوان نے اسے ‘باصلاحیت وکٹ کیپر بلے باز’ قرار دیا۔
محمد رضوان نے مزید کہا کہ محمد حارث ایک بہت باصلاحیت وکٹ کیپر بلے باز ہیں، میری خواہش ہے کہ ٹیم میں صرف ایک نہیں بلکہ پانچ وکٹ کیپر شامل ہوں، جو بھی ٹیم کے لیے سازگار ہو، وہ ضرور کھیلے ۔