بھارت میں ایک ارب ستر کروڑ روپے لوٹنے والا جعلی بین الاقوامی کال سینٹر پکڑا گیا ہے جو دنیا بھر سے سادہ لوح افراد کو لوٹنے میں ملوث پایا گیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر نوئیڈا میں واقع ایک بین الاقوامی کال سینٹر پکڑا گیا ہے۔
اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم کے ایک اہلکار نے بتایا کہ جمعہ کے روز کال سینٹر پر چھاپا مار کارروائی میں گروہ کے سرغنہ سمیت دس ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ تفتیش کے دوران انھوں نے انکشاف کیا کہ وہ سیکڑوں امریکی نوجوانوں کو دبئی لے جانے کا جھانسہ دیتے تھے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وشال وکرم سنگھ کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان نے غیر ملکیوں کے لیپ ٹاپ کمپیوٹر میں وائرس ٹھیک کروانے کے نام پر ایک ارب ستر کروڑ روپے سے زیادہ کی دھوکہ دہی کی۔ ملزمان نے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر مختلف ناموں سے کمپنیاں بنارکھی تھیں۔
تفتیش کے دوران ملزمان نے بتایا کہ وہ کال سینٹر سے غیر ملکی شہریوں سے رابطہ کر کے ٹیکنیکل سپورٹ کے نام پر مختلف سافٹ وئیرز سے لیپ ٹاپ کمپیوٹرز ہیک کرتے اور غیر ملکیوں کے آن لائن اکاؤنٹ یا کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات چوری کرکے غیر ملکی اکاؤنٹس میں رقم ٹرانسفر کرتے تھے۔
Advertisement
ایس ایس پی وشال وکرم سنگھ نے مزید بتایا کہ ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ حوالہ کے ذریعے بھارتی کرنسی میں رقم وصول کرتے تھے۔ رقم عارضی اکاؤنٹس میں ڈالرز میں جمع ہوتی تھی اور پھر عارضی اکاؤنٹ فراہم کرنے والا اپنا کمیشن کاٹ کر رقم بھارت منتقل کردیتا تھا۔
وشال وکرم سنگھ کے مطابق جعلی کال سینٹرز کا نیٹ ورک دنیا کے کئی ممالک میں ہے، اور ملزمان کے مطابق وہ امریکہ، کینیڈا، لبنان، آسٹریلیا، دبئی سے لے کر کئی مغربی ممالک میں لوگوں کو دھوکا دے چکے ہیں۔جعلی کال سینٹر میں 50 سے زائد افراد کام کرتے تھےجب کہ کارروائی کے دوران صرف 10 ملزمان گرفتار کئے جا سکے، باقی 40 یا اس سے زائد ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔