امریکی شہر سان فرانسسکو میں بھارتی قونصل خانے کی دیوار پہ خالصتان زندہ باد کا نعرہ لکھ دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سکھ فار جسٹس تنظیم نے قونصل خانے کی دیوار پہ درج نعرے کی ویڈیو ریلیز کر دی۔
سکھ فار جسٹس نے 15 اگست کو بھارتی یوم آزادی پہ دنیا کے مختلف ممالک میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کرتے ہوئے لندن، میلبرن ، سڈنی ، میلان ، ٹورنٹو اور امریکہ میں بھارتی سفارتخانوں اور قونصل خانوں کے گھیراؤ کا اعلان کیا ہے۔
سکھ فار جسٹس نے بھارتی ترنگا لہرانے کو روکنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ بھارت نے پنجاب اور کشمیر کی وادی کو طاقت کے زور پہ محکوم بنا کے رکھا ہوا ہے ۔ بھارت میں اقلیتیں 75 سال سے بھارتی ظلم اور ستم جھیل رہی ہیں۔ حالیہ چند سالوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے واقعات خوفناک حد تک بڑھ گئے ہیں۔
Advertisement
سکھ فار جسٹس تنظیم نے قائد اعظم محمد علی جناح کی بصیرت اور دور اندیشی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بصیرت کا ثبوت دیا اور مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن حاصل کیا۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ سکھ قوم بانی پاکستان کی تقلید کرتے ہوئے سکھوں کے لیے خالصتان بنا کر چھوڑیں گے۔
سکھ فار جسٹس کا کہنا ہے کہ بھارت زیادہ عرصہ ظلم و بربریت کا کھیل جاری نہیں رکھ سکتا ، وہ وقت دور نہیں جب بھارتی پنجاب پہ خالصتانی جھنڈا لہرا رہا ہوگا ۔
تنظیم نے پنجاب کے علاوہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے بھی اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
Advertisement