سعودی عرب نے سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کیلئےمتحدہ عرب امارات کی حمایت کردی
نیویارک، یکم جولائی ،2020 (وام) ۔۔ اقوام متحدہ کیلئے سعودی عرب کے نائب مستقل نمائندے ڈاکٹر خالد بن محمد منزلاوی نے2022-23 میں سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کے لئے متحدہ عرب امارات کی نامزدگی کی حمایت کی تصدیق کی ہے ۔ اقوام متحدہ میں چین کے وفد کی سربراہی میں ہونے والے ایشیاء پیسیفک گروپ کے ورچول اجلاس کے دوران اپنے خطاب میں ڈاکٹر منزلاوی نے کہا کہ سعودی عرب متحدہ عرب امارات کے ساتھ دنیا میں امن و سلامتی کیلئے یکساں موقف رکھتا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات بین الاقوامی تعاون، امن، سلامتی اور پائیدار ترقی سے وابستہ بڑے بڑے معاملات کو حل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اقوام متحدہ کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے نہ صرف دنیا بھر میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہے بلکہ پوری دنیا میں پائیدار امن کے حصول کے لئے عالمی کوششوں میں بھی کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات ہمیشہ امن کے پیغام کو فروغ دینے، رواداری کی ثقافت کو عام کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ ان تمام سفارتی کوششوں کی حمایت کی جن کا مقصد بات چیت اور اعتماد سازی کے ذریعے پر امن طریقوں سے تنازعات کو حل کرنا ہے۔ ڈاکٹر منزالوی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے چارٹر پر عمل پیرا ہونے کے ساتھ ساتھ عالمی ادارے کی کثیر جہتی سفارت کاری کو فروغ دینے کے لئے عالمی کوششوں کی حمایت کی ہے