سفیرپاکستان فیصل نیاز ترمذی کی زیرصدارت اجلاس دبئی میں بین الاقوامی نمائش جائٹیکس گلوبل2024 میں شرکت کرنے والے پاکستانی نمائش کنندگان کی کارکردگی کا جائزہ۔
دبئی(اردوویکلی)::متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں جاری جائیٹکس گلوبل2024 میں شرکت کرنے والے پاکستانی نمائش کنندگان کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس کی صدارت کی، سال2024 کی ٹیک منزل کے طور پر تسلیم شدہ، پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر نے اپنی جدید مصنوعات اور حل کی وجہ سے نمایاں توجہ حاصل کی ۔
اجلاس میں دبئی کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کونسلر علی زیب خان، سابق چیئرمین پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن ،محمد زوہیب خان، سینئر نائب صدر پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن، عمیر نظام، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر ذیشان خٹک، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے ڈائریکٹر شہباز حمید، ایس آئی ایف سی کے بریگیڈیئر نادر، نیٹ سول ٹیکنالوجیز کے سی ای او ایوب غوری، وائس چیئرمین پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن، راحیل اقبال، سی ای او انفوٹیک حارث نصیر، چیف مارکیٹنگ آفیسر پی ایس ای بی عامر انور اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی
اجلاس میں بین الاقوامی مندوبین کی جانب سے موصول ہونے والی آرا اور عالمی کمپنیوں کے ساتھ ممکنہ شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستانی کمپنیوں کو زبردست فیڈ بیک ملا ہے اور متعدد تنظیموں نے پاکستان کی آئی ٹی مصنوعات اور خدمات کے تعاون اور تلاش میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
سفیرپاکستان فیصل نیاز ترمذی نے مثبت استقبال کو سراہا اور پاکستانی نمائش کنندگان کو پاکستانی اور متحدہ عرب امارات میں قائم کمپنیوں کے درمیان کاروباری منصوبوں کو آگے بڑھانے میں سفارت خانے کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ رجسٹرڈ پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کی خاص طور پر جوائنٹ وینچرز کو آسان بنانے کے حوالے سے ہر ممکن مدد کی جائے تاکہ ہماری قومی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے سرمایہ پاکستان واپس بھیجا جا سکے
انہوں نے عالمی مارکیٹ میں عالمی معیار کی خدمات فراہم کرنے کے قابل کنسورشیم تشکیل دینے کے لئے اعلی درجے کی آئی ٹی فرموں کے مابین تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ملاقات کے دوران سفیر نے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، سائبر سیکیورٹی اور مصنوعی ذہانت جیسے شعبوں کے لئے آئی ٹی سے متعلق مخصوص تقریبات کے انعقاد کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔
سفیر نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات ان شعبوں میں پاکستان کی طاقت کو ظاہر کریں گے اور مضبوط بین الاقوامی شراکت داری قائم کرنے میں مدد دیں گے۔ جائیٹکس گلوبل 2024 ایونٹ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کے لئے ایک سنگ میل ثابت ہوا ہے جس نے عالمی ٹیکنالوجی مارکیٹ میں ایک معروف فورم کے طور پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی ساکھ کو تقویت دی ہے۔