اوورسیزپاکستانیوں کی جائیدادوں کے تنازعات اب 3 ماہ میں حل ہونگے(چوہدری سالک حسین )۔
خصوصی عدالت کے قیام کے لیئےایوان بالا سے بل منظور۔
اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق اہم بل منظور
چوہدری سالک حسین کا اوورسیزپاکستانیوں کی جائیداد کے تحفظ اور تنازعات کے حل سے متعلق بل ایوانِ بالا نے متفقہ طورپرمنظورکرلیا۔
بل کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق فیصلہ کرنے کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے خصوصی عدالتوں کے قیام کا (بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جائیدادیں) بل 2024 ایوان بالا(سینیٹ) میں پیش کیا۔
اسلام آباد(اردوویکلی):: بیرون ملک مقیم اوورسیز پاکستانیوں کے لیئے خوشخبری ایوانِ بالا(سینیٹ) نے اسٹیبلشمنٹ آف سپیشل کورٹ (اوورسیز پاکستانیز پراپرٹی) ایکٹ 2024 منظور کر لیا ہے جو سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک تاریخی قانون سازی ہے۔ یہ بل وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین نے پیش کیا۔ یہ ایکٹ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جائیداد کے تنازعات کے فوری اور موثر حل کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
اس بل کے تحت خصوصی عدالت کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی ای فائلنگ(پورٹل) کے ذریعے درخواستیں دائر کر سکیں گے۔ خصوصی عدالت پاکستان کے ہائی کمیشن کی نگرانی میں ویڈیو لنکس یا دیگر قانونی طور پر قابل قبول طریقوں کے ذریعے ثبوت پیش کرنے کی اجازت دے گی۔
خصوصی عدالت میں دائر مقدمات کا 90 دن کے اندر فیصلہ کیا جائے گا جس سے بر وقت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ بر وقت انصاف کی فراہمی کے زریعے سمندر پار مقيم پاکستانیوں کے مفادات کا تحفظ ممکن ہو پائے گا۔یہ عدالت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مفادات کے تحفظ اور جائیداد کے تنازعات کو موثر طریقے سے حل کرنے کے لیے حکومت کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔
جبکہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی ہے کہ آئی جی پولیس بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کے سسٹم کی ذاتی طور پر مانیٹرنگ کریں۔محسن نقوی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی پراپرٹی یا جائیداد پر قبضہ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے گا۔ تمام کمشنرز،آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز متعلقہ شہروں میں اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔انہوں نے کہا کہ ہر شکایت کے ازالے پر ہونے والی پیشرفت سے متعلقہ اوورسیز پاکستانی کو باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے ۔
محسن نقوی نے کہاکہ ہر شکایت کو کم سے کم وقت میں نمٹایا جائے۔پورٹل، فون یا بذریعہ ڈاک آنے والی شکایات پر روایتی کارروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اوورسیز پاکستانی بیرون ملک وطن کے سفیر ہیں اور ان کی شکایات کا فی الفور ازالہ ہماری ذمہ داری ہے۔