بھارت نے سپر سونک براہموس بحری جہاز شکن کروز میزائل کا تجربہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اندامان اور نیکو بار جزائر کے فوجی ہیڈ کوارٹر کی جانب سے جاری ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارتی بحری بیڑے اور اے این سی نے 27 اپریل کو براہموس کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرتے ہوئے ایک بار پھر ثبوت پیش کیا ہے کہ وہ جنگ کے لیے تیار ہے۔
بھارتی فوجی ہیڈ کوارٹر نے براہموس میزائل کے سمندر میں اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کے مناظر بھی شیئر کیے ہیں۔
براہموس میزائل جس کا نام ہندوستان کے دریا برہم پترا اور روس کے دریائے ماسکو کے نام پر رکھا گیا ہے، دونوں ممالک نے مشترکا طور پر تیار کیا ہے۔
اِس سے قبل بھارتی فوج نے 24 مارچ کو اعلان کیا تھا کہ اس نے جوہری صلاحیت کے حامل زمین سے زمین پر مار کرنے والے سپر سونک براہموس کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
براہموس سپر سونک کروز میزائل آبدوز، بحری جہاز، ہوائی جہاز اور زمین سے بھی داغے جا سکتے ہیں۔