عالمی کرکٹ کی نگہبان انٹرنیشنل کرکٹ کانسل نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں ٹیموں کی شرکت کے طریقہ کار کا اعلان کر دیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کی خبروں کے مطابق آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کا ایونٹ 20 ٹیموں پر مشتمل ہو گا، امریکہ اور ویسٹ انڈیز اس عالمی کپ کے میزبان ہیں جنہیں براہ راست اس ورلڈ کپ میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ امریکہ اور ویسٹ انڈیز کے علاوہ باقی 18 ٹیموں میں سے 10 ٹیموں کی سلیکشن بذریعہ رینکنگ کی جائے گی، جبکہ باقی 8 ٹیموں کی شرکت کا فیصلہ کوالیفائر میچز کے بعد کیا جائے گا۔
آئی سی سی کے اس میگا ایونٹ میں شرکت کے لئے 66 ممالک کی کرکٹ ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈ میں قسمت آزمائیں گی۔
آئی سی سی نے اعلان کیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کی میزبانی امریکہ اور ویسٹ انڈیز کے دینے کے علاوہ 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کی میزبانی بھارت اور سری لنکا کو دی گئی ہے۔
آئی سی سی نے مستقبل کے عالمی مقابلوں کے میزبانوں کا بھی اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق جنوبی افریقہ ، نمیبیا اور زمبابوے کو ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔
Advertisement
2028 میں مختصر فارمیٹ کے ورلڈ کپ کی میزبانی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے سپرد کی گئی ہے، جبکہ 2029 کی چمپئینز ٹرافی کی میزبانی کے فرائض بھارت انجام دے گا۔
انگلینڈ ، آئر لینڈ اور اسکاٹ لینڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2030 کی مشترکہ میزبانی کے لئے تیار ہو چکے ہیں، جبکہ بنگلہ دیش اور بھارت نے بھی مل کر 2031 کے ون ڈے ورلڈ کپ کرانے کی حامی بھر لی ہے۔
آئی سی سی نے مستقبل کے ان عالمی مقابلوں میں پاکستان کی میزبانی کو کسی بھی ایونٹ کے لئے منتخب نہیں کیا ہے۔