امریکا، اوکلاہوما میں مسلح شخص نے 3 افراد کو قتل کرکے خودکشی کرلی

59

امریکی ریاست اوکلاہوما کے شہر ٹلسا میں ایک مسلح شخص نے فائرنگ کرکے تین افراد کو ہلاک کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار لی۔ پولیس حکام کا خیال ہے کہ متاثرین میں ہسپتال کا عملہ اور مریض شامل ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے پولیس حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ گزشتہ روز اوکلاہوما شہر سے تقریباً 160 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع شہر ٹلسا کے سینٹ فرانسس ہسپتال میں پیش آنے والے اس واقعے میں ملوث شخص کے پاس ایک رائفل اور پستول تھی۔

ٹلسا کے ڈپٹی پولیس چیف نے صحافیوں کو بتایا کہ واقعے سے متعلق فون کال موصول ہونے کے تین منٹ بعد ہی پولیس سینٹ فرانسس ہسپتال پہنچ گئی تھی۔ پولیس کے فوری ردعمل نے مزید جانی نقصان سے محفوظ رکھا۔

پولیس حکام کے مطابق پولیس اہلکار جائے وقوع پر پہنچے تو مشتبہ ملزم دم توڑ چکا تھا۔ ملزم کی عمر 35 سے 40 سال کے درمیان ہے اور اس کی شناخت کا تعین کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ہسپتال میں ڈاکٹروں کے کلینک واقع ہیں جن میں آرتھوپیڈک سینٹر بھی شامل ہے۔

Advertisement

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ٹیکساس کے شہر یووالڈی میں ایک اسکول میں رائفل بردار شخص نے فائرنگ کرکے 19 بچوں اور دو اساتذہ کو ہلاک کر دیا تھا۔ اس واقعے میں پولیس کی جانب سے تاخیر کی شکایت پر عوامی اشتعال کے بعد پولیس کے ردعمل میں اضافہ ہوا ہے۔

یووالڈی اسکول فائرنگ واقعے سے دو ہفتے قبل ایک سفید فام رائفل بردار نے نیو یارک کے شہر بفلو میں سیاہ فام افراد کے علاقے کی سپر مارکیٹ میں فائرنگ کرکے 10 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

ٹلسا شہر میں پیش آنے والا حالیہ واقعہ امریکا میں فائرنگ کے واقعات کے سلسلے کی تازہ کڑی ہے جس نے امریکی حکومت اور شہریوں کی تشویش میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ ان پے در پے واقعات نے ملک میں اسلحے کے پھیلاؤ پر قابو پانے کی بحث کو دوبارہ جنم دے دیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }