مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے 3 فلسطینی نوجوانوں کو شہید جبکہ 8 افراد کو زخمی کر دیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے جنین میں اسرائیلی فورسز نے کارروائی کے دوران اس گاڑی پر فائرنگ کی جس میں یہ افراد سفر کر رہے تھے۔
فلسطینی خبر ایجنسی کے مطابق اُس وقت جنین کے علاقے میں فلسطینی اور اسرائیلی فورسز کے درمیان سخت جھڑپیں ہو رہی تھیں۔
اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنین کیمپ اور ارد گرد چھاپہ مار کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
صیہونی حکام نے عبرانی زبان میں جاری بیان میں کہا سرائیلی فورسز نے اسلحہ کی برآمدگی کیلئے دو مختلف مقامات پر چھاپے مارے اس دوران ان کا مزاحمت کاروں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، موقع سے دو ایم 16 رائفلز اور اور میگزین برآمد کیے گئے ہیں۔
Advertisement
صیہونی حکام کا کہنا ہے رواں سال اسرائیل کے اندر فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں میں 19 اسرائیلی شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار گیا، ان حملوں میں ملوث اکثر فلسطینی مزاحمت کاروں کا تعلق جنین کے علاقے سے ہے۔
یاد رہے مقبوضہ مغربی کنارے میں حالیہ مہینوں کے دوران اسرائیلی فورسز کی کارروائی میں تیزی آئی ہے اور فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق چند روز قبل ڈھائی ہزار سے زیادہ یہودی مارچ کرتے ہوئے پرانے شہر میں قبل بیت المقدس کے سب سے حساس مقدس مقام مسجد اقصیٰ کے قریب پہنچے تھے جس کے جواب میں فلسطینیوں نے مسجد اندر رکاوٹیں کھڑی کر کے مارچ کرنے والوں اور قریبی اسرائیلی پولیس پر آتش گیر مادہ اور پتھراؤ کیا تھا۔