ترک صدر کا یونانی وزیراعظم سے طے شدہ مذاکرات احتجاجاً منسوخ کرنے کا اعلان

82

ترکی نے یونان پر امریکا سے ترکی کو لڑاکا طیارے فروخت نہ کرنے کی اپیل کا الزام لگاتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ مذاکرات منسوخ کر دیے ہیں۔

ترک صدر کا الزام ہے کہ یونانی وزیراعظم کریاکوس مٹسوٹاکس نے امریکی حکام سے کہا ہے کہ وہ ترکی کو ایف 16 لڑاکا طیارے فروخت نہ کریں۔ انہوں نے یونان پر یہ بھی الزام لگایا کہ وہ امریکا میں مقیم ترک مبلغ فتح اللہ گولن کے پیروکاروں کو اپنے ملک میں پناہ دے رہا ہے۔

ترک صدر نے کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ رواں برس ہمارے درمیان اسٹرٹیجک کونسل کا اجلاس ہونا تھا لیکن اب ان کی کتاب میں مٹسوٹاکس کہلانے والا کوئی نام نہیں ہے۔

یونانی وزیراعظم کریاکوس مسٹوٹاکس نے دورہء امریکا کے دوران 17 مئی کو امریکی کانگریس سے خطاب کے دوران امریکا کو متنبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ یوکرین بحران کے دوران مزید عدم استحکام کا نیا سبب پیدا نہ کرے اور مشرقی بحیرہ روم سے متعلق دفاعی سودے بازی پر فیصلے کرتے وقت اس بات کو بھی مدنظر رکھے۔

Advertisement

ترک صدر اردوان نے یونانی وزیراعظم کے اس بیان پر کہا کہ دونوں ممالک نے اپنے تنازع میں تیسرے ملک کو شامل نہ کرنے پر اتفاق کیا تھا اس کے باوجود گزشتہ ہفتے انہوں نے امریکی کانگریس میں امریکا کو خبردار کیا کہ وہ ترکی کو ایف 16 طیارے دے۔

یاد رہے کہ ترکی نے روس سے فضائی دفاعی میزائل نظام ایس 400 کی خریداری کا سودا کیا تھا جس پر امریکا نے 2019ء میں اپنے جدید ترین ایف 35 لڑاکا طیارے ترکی کو فروخت کرنے کا سودا منسوخ کر دیا تھا۔ ترک حکومت اس سودے کی منسوخی کے بعد اب ایف 16 طیارے خریدنا چاہتی ہے۔

ترک صدر کے سخت ردعمل کے جواب میں یونانی حکومت کے ترجمان یانیس ایکونمو نے کہا کہ یونانی خارجہ پالیسی کی بنیاد تاریخ، بین الاقوامی قانون اور مضبوط اتحاد پر قائم ہے جس سے کچھ لوگ ناراض بھی ہو سکتے ہیں تاہم اس سے کوئی اثر نہیں پڑتا۔

ترکی اور یونان نیٹو کے رکن اور ہمسایہ ممالک ہیں لیکن دونوں کے درمیان جزیرہ قبرص کے حوالے سے کشیدہ تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے۔ گزشتہ سال بھی مشرقی بحیرہ روم میں قدرتی گیس کے ذرائع پر تنازع سامنے آیا تھا۔ دونوں ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات کے لیے گزشتہ برس مذاکرات شروع ہوئے تھے جو اب کھٹائی میں پڑتے دکھائی دیتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }