مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس اور سعودی شہزادے الولید بن طلال نے اٹلی میں سترہویں صدی میں قائم ہونے والی عمارت اپنے نام کرلی ۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹلی کے دارالحکومت روم میں واقع سترہویں صدی کی قدیم عمارت خرید کر اسے لگژری ہوٹل میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس قدیم عمارت کو سترہ کروڑ ڈالرز میں خریدنے کا معاہدہ ہوا ہے جبکہ فور سیزنز ہوٹلز اینڈ ریزورٹس کمپنی نے دو کروڑ ڈالر سے زائد کی رقم ادا کردی ہے۔
بل گیٹس نے اٹلی کے دارالحکومت روم میں اپنی اور سعودی شہزادے الولید بن طلال کی مشترکہ کمپنی ‘فور سیزنز ہوٹلز اینڈ ریزورٹس’ کے ذریعے سترہویں صدی کی ایک قدیم عمارت ‘مرینی’ کو خرید کر اسے شاہانہ سکس اسٹار ہوٹل میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق کئی سال قبل اس قدیم عمارت کے گراؤنڈ فلور کا زیادہ تر حصہ ایک اسٹور میں تبدیل کردیا گیا تھا جو روم کے شہریوں کو سستی گھریلو سامان فروخت کرتا تھا جبکہ عمارت کے اوپر کے فلورز پر اٹلی کی پارلیمنٹ کے نمائندوں کیلئے ایک کیفےٹیریا موجود ہے ۔
علاوہ ازیں، رپورٹس کے مطابق سنہ 1650میں اس عمارت کی تعمیر شروع کی گئی تھی اور برسوں تک یہ امراء کی بیٹھک کے طور پر استعمال ہوتی رہی۔
Advertisement
بعد ازاں، ایک موقع پر کیتھولک چرچ کے سابق سربراہ پوپ انوسینٹ XII نے اس پر قبضہ کر لیا تھا
تاہم اب فور سیزنز کمپنی عمارت کی تزئین و آرائش کے لیے 12 کروڑ ڈالر خرچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔لگژری ہوٹل میں تقریباً 100 کمرے ہونے کی توقع ہے۔ اس میں کانفرنس سینٹر اور جم بھی بنائے جائیں گے۔
دوسری جانب، فور سیزنز کے ترجمان نے پیر کی شام تک اٹلی میں موجود تاریخی عمارت کو خریدے جانے کے حوالے سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔