بھارت کی شمال مشرقی ریاست منی پور میں مٹی کے تودے گرنے سے اب تک 14 افراد ہلاک جبکہ 60 لاپتہ ہوگئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کا یہ واقعہ ایک ایسے مقام پر پیش آیا ہے، جہاں ریلوے لائنوں کی تعمیر جاری تھی، متاثرہ مقام پر کم از کم 81 افراد موجود تھے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ حکام نے لاپتہ افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا ہے، ریلوے کی تعمیراتی سائٹ پر مٹی کے تودے گرنے کے بعد ریسکیو حکام 19 افراد کو نکالنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
فوج کے ہیلی کاپٹر لینڈ سلائیڈنگ کے مقام پر امدادی کارروائیوں میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔
Advertisement
بھارت کی نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد کو بھی آپریشن کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس ماہ غیر معمولی بارشوں نے بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں اور پروسی ملک بنگلہ دیش کو اپنی لپیٹ میں لیا، جس کے نتیجے میں 150 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں؛ بھارت اور بنگلا دیش میں بارش کی تباہ کاریاں، ہلاکتوں کی تعداد 93 ہوگئی
بھارتی حکام نے بتایا تھا کہ آسام میں لینڈ سلائیڈنگ سے 3 افراد ہلاک ہوئے جبکہ سیلابی ریلے میں 6 افراد بہہ گئے تھے جبکہ ریاست بہار میں بجلی گرنے سے 17 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
حالیہ ہفتوں میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے لاکھوں لوگ بے گھر بھی ہوئے ہیں اور کچھ نشیبی علاقوں میں مکانات زیر آب آ گئے ہیں۔