امریکی ریاست ایلینوئے کے شہر شکاگو کے مضافات میں ہائی لینڈ پارک نامی علاقے میں دو روز قبل فائرنگ کرکے سات افراد کو قتل کرنے والے مشتبہ ملزم پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔
لیک کاؤنٹی دفتر استغاثہ کے اٹارنی ایرک رائن ہارٹ کے مطابق 21 سالہ ملزم رابرٹ کریمو کے قصور وار ثابت ہو جانے کی صورت میں اسے عمر قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ تحقیقات کے اختتام سے قبل ملزم کے خلاف درجنوں دیگر الزامات بھی عائد کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ملزم رابرٹ کریمو نے 4 جولائی کو امریکی یوم آزادی کے موقع پر ہائی لینڈ پارک نامی علاقے میں آزادی پریڈ کے شرکاء پر ایک عمارت کی چھت سے اندھا دھند فائرنگ کر دی تھی۔ فائرنگ کے نتیجے میں چھ افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے تھے جبکہ ایک زخمی شخص ہسپتال میں دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا تھا۔ واقعے کے دیگر زخمیوں کی تعداد 30 ہے۔
Advertisement
ملزم رابرٹ کریمو نے فائرنگ کے لیے ایک جدید اور طاقتور رائفل کا استعمال کیا اور اس سے 70 گولیاں فائر کیں۔ ملزم نے فرار ہونے کے لیے عورت کا بھیس اپنایا تھا تاکہ وہ آسانی سے ہجوم میں شامل ہو سکے تاہم وہ 8 گھنٹے بعد پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔ گرفتاری کے وقت ملزم کے قبضے سے ویسی ہی ایک اور رائفل بھی برآمد ہوئی جبکہ اُس کے گھر کی تلاشی کے دوران 3 مزید ہتھیار بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ امکان ہے کہ ملزم کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
تحقیقات کے دوران ملزم رابرٹ کریمو کے بارے میں حیران کن انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ملزم نے 2019ء میں 19 سال کی عمر میں باپ کی سفارش سے اسلحہ لائسنس حاصل کیا تھا۔ اُسی سال اپریل میں اُس نے اپنی جان لینے کی کوشش کی۔ ستمبر 2019ء میں اُس کے خاندان کے ایک فرد نے پولیس کو کال کرکے بلایا جب اُس نے سب کو قتل کرنے کی دھمکی دی۔ پولیس نے تب اُس کے گھر سے 16 چاقو، ایک خنجر اور ایک تلوار قبضے میں لی تاہم اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔