سابق جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے کی لاش ٹوکیو پہنچا دی گئی جہاں ان کی آخری رسومات منگل کو ادا کی جائیں گی۔
گزشتہ روز جاپان کے سابق وزیراعظم شینزو آبے کو انتخابی مہم کے دوران گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔ ان کی لاش کو آج ٹوکیو پہنچا دیا گیا ہے جہاں ان کی آخری رسومات منگل کو ادا کی جائیں گی۔
پولیس حکام کے مطابق جاپان کے سابق وزیر اعظم آبے انتخابی مہم پر تھے جب ایک اکتالیس سالہ شخص نے گھر پر تیار کردہ ایک بندوق سے ان پر قاتلانہ حملہ کیا جس میں وہ جانبر نا ہو سکے۔ حملے کے فوراﹰ بعد آبے کے سکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کو گرفتار کر لیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق مشتبہ شخص نے ملکی بحریہ میں خدمات انجام دی تھیں اور وہ سنہ 2005 میں جاپان کی سیلف ڈیفنس فورس کا حصہ بھی رہا تھا۔
جاپان کے عوامی نشریاتی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق ملزم نے پولیس کے سامنے اعتراف کیا کہ وہ آبے سے ناخوش تھا اور کافی عرصے سے انہیں قتل کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔
Advertisement
آبے کی موت نے ملک میں عوامی شخصیات کی حفاظت کے بارے میں خدشات پیدا کر دیے ہیں۔ جاپان میں انتخابی مہم کے دوران باقاعدگی سے سیاستدانوں کو عوامی مقامات پر براہ راست عوام سے بات کرتے اور ووٹوں کی اپیل کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
علاوہ ازیں، واقعے کے بعد ملک میں پارلیمان کے ایوانِ بالا کے لیے انتخابی مہم دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔ وزیر اعظم فومیو کشیدا نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آبے کے قتل کو وحشیانہ عمل قرار دیا۔
ان کے مطابق یہ ایک ناقابل معافی جرم ہے۔