کیا عماد وسیم پی ایس ایل 8 میں کراچی کنگز سے کھیلیں گے؟
پاکستان کے آل راؤنڈر عماد وسیم پی ایس ایل سیزن 8 میں کراچی کنگز کی جانب سے کھیلنے کے معاملے پر غیر یقینی صورت حال کا شکار ہیں۔
پاکستان کے 33 سالہ آل راؤنڈر عماد وسیم پی ایس ایل کے آغاز سے ہی کراچی کنگز کا حصہ ہیں جس کی کپتانی ان کے سپرد کی گئی تھی تاہم بعد ازاں انہیں ہٹاکر بابر اعظم کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
نجی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں ان سے بابر اعظم کو کپتانی دیے جانے کے حوالے سے سوال کیا گیا جس پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بارے میں ان سے پہلے بھی پوچھا جاچکا ہے تاہم وہ اس حوالے سے کوئی سخت جذبات نہیں رکھتے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز کے اونر سلمان اقبال ان کے لیے بھائی کی طرح ہیں، انہوں نے کہا کہ سلمان اقبال نے ہر چیز پر پہلے ہی مجھ سے بات کی جو میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔
Advertisement
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے مجھے بتانے کی بجائے ہمیشہ مجھ سے پوچھا اور مشورہ کیا ہے تاہم ہم دیکھتے ہیں کہ اگلے سیزن میں کیا ہوتا ہے۔
عماد وسیم نے انٹرویو میں اس بات کی تصدیق سے انکار کیا کہ وہ آئندہ سیزن میں کراچی کنگز کے ساتھ رہیں گے یا نہیں تاہم انہوں نے کہا وہ فی الحال کراچی کنگز کے لیے پرعزم ہیں لیکن ہم آئندہ 6 ماہ میں دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چیف سلیکٹر نے عماد وسیم کو اسکواڈ سے ڈراپ کرنے کی وجہ بتادی
آل راؤنڈر نے کہا کہ ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا کیونکہ آپ کبھی نہیں جان سکتے کہ 6 ماہ میں کیا ہوگا، آپ کو یہ بھی نہیں معلوم کہ ان 6 ماہ میں بین الاقوامی سطح پر کیا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ تو فرنچائز کرکٹ ہے لیکن میں فی الحال ابھی کراچی کنگز کا ہی حصہ ہوں۔