بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع متھرا میں محکمہ صفائی کا ایک خاکروب اس وقت اپنی نوکری سے ہاتھ دھو بیٹھا جب ایک وائرل وڈیو میں اسے کچرا گاڑی میں وزیراعظم نریندر مودی اور ریاست کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی تصاویر کو لے جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس وڈیو کے سامنے آنے کے فوری بعد 40 سالہ خاکروب بوبی کی کنٹریکٹ ملازمت ختم کر دی گئی۔
A contractual worker at UP’s Mathura Nagar Nigam was terminated after he was found carrying pictures of PM Narendra Modi and CM Yogi Adityanath among other dignitaries in his hand held garbage cart. pic.twitter.com/Jg2x3LW3Mk
— Piyush Rai (@Benarasiyaa) July 17, 2022
میونسپل کارپوریشن کے حکام کے سامنے خاکروب نے یہ وضاحت پیش کی کہ اُس نے تمام کچرا ایک کوڑے دان سے اٹھایا تھا اور وہ بے قصور ہے کیونکہ ان پڑھ ہونے کے باعث وہ تصاویر کی شناخت نہیں کر سکا۔ اس پر حکام نے صفائی سے متعلق مقامی انسپکٹر اور سینٹری سپروائزر کو بھی شوکاز نوٹس جاری کر دیا کہ انہوں نے معزز شخصیات کی تصاویر کے بارے میں ملازمین کو ضروری ہدایات کیوں نہیں دیں۔ حکام نے واقعے کی مزید تحقیقات کا بھی حکم دیا ہے۔
Advertisement
متھرا کے ضلعی میونسپل کمشنر انونیا جھا نے بھارتی ميڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جسے 48 گھنٹوں کے اندر رپورٹ پیش کرنے کا کہا گیا ہے۔ کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ ایڈیشنل کمشنر ستیندر تیواری کا کہنا تھا کہ اِس معاملے میں لاپروائی برتنے کے الزام میں خاکروب بوبی کی ملازمت ختم کر دی گئی ہے، اُس نے کچرا گاڑی میں ڈالنے سے پہلے تصاویر کو کیوں نہیں دیکھا؟
خاکروب بوبی کچرا گاڑی میں کچرا دوسری جگہ منتقل کر رہا تھا جس میں وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی تصاویر بھی تھیں۔ راستے میں دو افراد نے خاکروب کو روکا اور انہوں نے کچرا گاڑی کی وڈیو بنائی۔ وائرل ہونے والی وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان لوگوں نے کچرا گاڑی سے تصاویر کو نکال لیا اور بوبی کچرا گاڑی دھکیلتا آگے بڑھ گیا۔ بعد ازاں وڈیو سوشل میڈیا پر خوب شیئر کی گئی۔