بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی ان دنوں اپنے کیریئر کے بدترین دور سے گزر رہے ہیں ۔
موجودہ صدی کے سب سے بڑے بلے بازوں کی فہرست میں شمار ہونے والے ویرات کوہلی گزشتہ دو سال سے خراب پرفارمنس کے سبب سابق کھلاڑیوں سمیت ناقدین کی تنقید کا شکار ہیں۔
ویرات کوہلی کی فارم اور ان کے کیریئر کو لے کر شائقین سے لے کرکٹ تجزیہ کاروں اور بھارتی میڈیا ، غرض ہر کوئی بحث کررہا ہے۔
انہوں نے 2019 سے کوئی بھی سنچری اسکور نہیں کی ہے اور حالیہ سیریز میں انگلینڈ کے خلاف خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھانے پر انہیں دورہ ویسٹ انڈیز کے اسکواڈ سے بھی باہر کردیا گیا ہے۔
تاہم سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک پنڈت زائچہ دیکھ کر ویرات کوہلی کے مستقبل کی پیشگوئی کررہا ہے۔
Advertisement
پنڈت نے پیشگوئی کی کہ ان کے کیریئر کے خاتمے کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا اور یہ بھی کہنا مشکل ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیل سکیں گے یا نہیں۔
پنڈت نے مزید کہا کہ کوہلی کا زائچہ بتاتا ہے کہ یہ مشکل وقت اس کے ساتھ ابھی مزید رہے گا لیکن آنے والے چند ماہ میں آپ کوہلی کی کارکردگی میں بتدریج تبدیلی دیکھیں گے۔
واضح رہے کہ ویرات کوہلی نے آخری سنچری 2019 میں اسکور کی تھی جس کے بعد سے وہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے ہیں۔
ویرات کوہلی بھارت کی جانب سے 102 ٹیسٹ میچز میں 27 سنچریز اور 28 نصف سنچریز کی مدد سے 49.53 کی اوسط سے 8074 رنز بناچکے ہیں۔
262 ایک روزہ میچز میں 43 سنچریز اور 64 نصف سنچریز کی مدد سے 57.68 کی اوسط سے 12344 جبکہ 99 ٹی ٹوئنٹی میں 30 نصف سنچریز کی مدد سے 50.12 کی اوسط سے 3308 رنز بناچکے ہیں۔