گال ٹیسٹ: بارش پاکستان کی جیت کے درمیان حائل ہوگئی
گال: گال ٹیسٹ میں سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے 342 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 331 رنز بنالیے ہیں۔
پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان گال ٹیسٹ جاری ہے جس کے پانچویں دن کا کھیل آج کھیلا جارہا ہے جبکہ آج میچ کا آخری اور فیصلہ کن دن ہے۔
پانچویں دن کا آغاز پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز پر کیا جبکہ عبداللہ شفیق 113 اور محمد رضوان 114 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مسلسل خراب کارکردگی، اظہر علی کا کیرئیر خطرے میں
پاکستان کو جیت کے لیے بس 11 رنز درکار ہیں اور اب بھی قومی ٹیم کے پاس 4 کھلاڑی موجود ہیں تاہم بارش نے پاکستان کی جیت کے راستے میں کانٹے بچھادیے ہیں۔
Advertisement
Rain arrives with Pakistan just 11 runs away from victory in Galle ️#SLvPAK | #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/E59drmt3VH
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) July 20, 2022
سابق کپتان اظہر علی دوسری اننگز میں بھی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور صرف 6 بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ اوپنر امام الحق 35 رنز اور کپتان بابر اعظم 55 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کی جانب سے پربھات جے سوریا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ رمیش مینڈس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا کی دوسری اننگز
سری لنکا دوسری اننگز میں بڑا اسکور کرنے میں کامیاب رہا اور انہوں نے 337 بناکر پاکستان کو 342 رنز کا ہدف دیا۔
سری لنکا نے دوسری اننگز کا آغاز 4 رنز کی برتری سے کیا تو صرف 33 رنز پر ہی ان کی پہلی وکٹ گرگئی تھی اور کپتان دمتھ کرونارتنے 16 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تھے۔
دوسری وکٹ سری لنکن کی کسن رجھیتا کی گری جو صرف 7 رنز بناکر محمد نواز کی گھومتی گیند کا شکار ہوئے جبکہ دونوں کھلاڑیوں کو ہی محمد نواز نے آؤٹ کیا۔
تاہم اوپنر اوشادہ فرننڈو اور کسل مینڈس نے ٹیم کو سنبھالا اور وکٹ کو محفوظ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا جبکہ اوشادہ فرننڈو 64 اور کسل مینڈس 76 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند کا شکار ہوگئے۔
سری لنکا کی جانب سے دنیش چندیمل نے سب سے لمبی اننگز کھیلی جو 94 رنز بناکر بھی ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز 5 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے ہیں، یاسر شاہ نے 3 اور حسن علی، نسیم شاہ نے ایک،ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی پہلی اننگز
پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 218 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی جبکہ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز کپتان بابر اعظم نے سنچری کی بدولت 119 رنز اسکور کیے تھے۔
علاوہ ازیں پاکستان کی جانب سے کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہیں ہوسکا تھا، اوپنر عبداللہ شفیق 13، محمد رضوان 19، یاسر شاہ 18 اور حسن علی نے 17 رنز اسکور کیے تھے۔
سری لنکا کی جانب سے پربھات جے سوریا نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور مہیش ٹھیکشانہ ، رمیش مینڈس نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا کی پہلی اننگز
سری لنکا اپنی پہلی اننگز میں 222 رنز بناکر آؤٹ ہوگیا تھا جبکہ سری لنکا کی جانب سے سب سے زیادہ 76 رنز دنیش چندیمل سے اسکور کیے تھے۔
علاوہ ازیں سری لنکن کھلاڑی مہیش ٹھیکشانہ نے 38، اوپنر اوشادہ فرننڈو نے 35 اور کوسال مینڈس نے 21 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ نے 4، حسن علی اور یاسر شاہ نے 2،2 جبکہ محمد نواز اور نسیم شاہ نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔