سوڈان کی خود مختار کونسل کے نائب چیئرمین جنرل حمدان دقلو نے کہا ہے کہ فوج نے سیاست چھوڑ کر ملکی سرحدوں کی حفاظت کی ذمہ داری پوری کرنے اور اقتدار عوامی نمائندوں کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خود مختار کونسل کے نائب چیئرمین جنرل حمدان دقلو نے گزشتہ روز کہا کہ خود مختار کونسل کوئی ایسا اختیار نہیں لے گی جو خونریزی اور عدم استحکام کا باعث بنے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ قبائلی تنازعات، نفرت اور نسل پرستی سوڈان کو تباہی کی طرف لے جائیں گے۔ سوڈانی فوجی جنرل نے فوج اور سکیورٹی نظام میں اصلاحات اور جوبا معاہدے کو نافذ کرنے کے عزم کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے قومی اور سیاسی قوتوں پر بھی زور دیا کہ وہ عبوری حکومت کے اداروں کی تشکیل میں تیزی لائیں، عبوری دور کے تحفظ اور آزادانہ و منصفانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔
Advertisement
اس سے قبل گزشتہ جولائی میں سوڈان کی فوج اور خود مختار کونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان نے اعلان کیا تھا کہ خود مختار کونسل کو تحلیل کر دیا جائے گا اور انتظامی حکومت کے قیام کے بعد مسلح افواج کی سپریم کونسل تشکیل دی جائے گی۔ انہوں نے وضاحت کی تھی کہ مسلح افواج کی سپریم کونسل باقاعدہ افواج کی کمان سنبھالے گی اور ملک کے دفاع اور سلامتی کے امور انجام دے گی۔ جنرل عبدالفتاح البرہان کے مطابق مسلح افواج قومی مذاکرات کے نتائج کے نفاذ کی محافظ رہیں گی اور جمہوریت کی منتقلی اور انتخابات کے انعقاد میں سیاسی قوتوں کی مدد کریں گی۔
خیال رہے کہ سوڈان میں فوج نے 2019ء میں سابق صدر عمر البشیر کا تختہ الٹ دیا تھا جس کے بعد فوجی سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان نے کچھ سیاسی نمائندوں کو ساتھ ملا کر ملک کی باگ ڈور سنبھالی مگر وہ ملک میں سیاسی استحکام لانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
Advertisement