معین علی کو چند سالوں میں ون ڈے کرکٹ ختم ہونے کا خدشہ
انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی نے خبردار کیا ہے کہ دوسرے کھلاڑی بھی بین اسٹوکس کی طرح ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑ سکتے ہیں اور اگر کھیل کے مصروف کیلنڈر کو تبدیل نہیں کیا گیا تو یہ فارمیٹ مکمل طور پر ختم ہوسکتا ہے۔
انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس نے گذشتہ ماہ 31 سال کی عمر میں ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جبکہ انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے مصروف ترین شیڈول کا بھی حوالہ دیا۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ہر سال ایک عالمی ایونٹ کے انعقاد نے کھلاڑیوں کی مصروفیت کو بھی بڑھادیا ہے۔
انگلش کرکٹر معین علی جو دی ہنڈریڈ میں برمنگھم فینکس کی قیادت کررہے ہیں، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ میری رائے میں اس وقت یہ پائیدار نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں کچھ کرنا ہوگا کیونکہ 50 اوورز کا فارمیٹ چند سالوں میں ختم ہوتا نظر آرہا ہے، یہ لمبا اور بورنگ فارمیٹ ہے اور اس وقت اس کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔
معین علی کہتے ہیں گذشتہ سال کچھ کھلاڑیوں نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑدی جبکہ ٹیسٹ کرکٹ اب بھی تینوں بین الاقوامی فارمیٹس میں سب سے بہتر ہے۔
Advertisement
ان کا کہنا تھا مجھے فکر ہے کہ کھلاڑی زیادہ ٹورنامنٹس ہونے کی وجہ سے ریٹائر ہورہے ہیں اور آپ کو جلد ہی شیڈول کی وجہ سے مزید کھلاڑی بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے دکھائی دیں گے۔
علاوہ ازیں انگلینڈ کے دیگر کھلاڑی جوس بٹلر اور جوروٹ نے بھی شیڈول پر خدشات کا اظہار کیا ہے جبکہ بھارتی اسپنر روی چندرن اشون نے بھی فارمیٹ کی مطابقت پر سوال اٹھایا ہے۔
Advertisement
خیال رہے کہ آئی سی سی نے رواں ہفتے بڑھتی ہوئی تنقید کے باوجود تمام فارمیٹ کے کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کی امید ظاہر کی ہے۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو جیف ایلار ڈائس نے زور دیتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر کھلاڑی اب بھی ورلڈکپ اور آئی سی سی ایونٹس میں کھیلنے کے خواہش مند ہیں۔
Advertisement