قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے بھارتی اداکارہ اروشی روٹیلا سے متعلق اہم انکشاف کردیا۔
دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم اروشی روٹیلا کون ہیں، میرا فوکس اپنی کرکٹ پر ہے۔
نسیم شاہ نے کہا کہ جو بھی گراؤنڈ میں آتے ہیں ان سب کا شکریہ ، دنیا بھر سے پیار ملتا ہے جس سے خوشی ہوتی ہے ۔ اب مجھے نہیں پتہ کون کون میچ دیکھنے آتا ہے ، لوگ ویڈیو بھیجتے ہیں تو دیکھ لیتا ہوں۔
بھارت کے خلاف میچ میں فتح پر ان کا کہناتھا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہم میچ جیتے، جب نو آؤٹ ہوئے تو سب یہی سوچ رہے تھے کہ ہم میچ ہار گئے ہیں۔
نسیم شاہ نے کہا کہ ٹیپ بال میں بھی چھکے مار چکا ہوں اور بیٹنگ کی پریکٹس بھی کرتا رہا ہوں، کوشش تھی کہ آگے بال آئے تو چھکا ماروں۔
Advertisement
انہوں نے کہا کہ میری کوشش تھی کہ جہاں بھی موقع ملے پرفارم کروں۔ سوچتا تھا کہ اچھا کہ اچھا وقت آئے گا اور موقع ملا تو اللہ تعالیٰ نے مدد کی۔
نسیم شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ابھی آل راؤنڈر بننے کی خواہش نہیں لیکن کوشش ہوتی ہے جہاں بیٹنگ ملے اچھا کھیلوں۔ محنت کرتا ہوں اور کوشش ہوتی ہے اپنی کارکردگی کو بہتر کروں، لیجنڈ کھلاڑیوں سے سیکھتا رہوں اور جو اچھی بات کرے اس پر عمل کروں۔
انہوں نے بتایا کہ جب چھکے مار کر بھاگا اس وقت کچھ یاد نہیں تھا۔ وہ بیٹ آکشن پر لگایا ہے، جو زیادہ پیسوں پر خریدے گا وہ سیلاب متاثرین کو امداد کروں گا۔
نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے۔ جب چھوٹا تھا تب اگر پاکستان ہارتا تھا تو میں بھی روتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے والدین آپ کو سپورٹ کرتے ہیں، میرے گاؤں والوں نے بھی مجھے بہت زیادہ سپورٹ کیا۔ فینز کا شکریہ جو پیار کرتے ہیں ۔
Advertisement