کامن ویلتھ گیمز کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ آسٹریلیا میں 2026 میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں ویمنز کرکٹ کو دوبارہ شامل کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برمنگھم میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں ویمنز کرکٹ کی زبردست کامیابی کے بعد اب خواتین کی کرکٹ کو آسٹریلیا میں منعقد ہونے والے 2026 کے کامن ویلتھ گیمز میں بھی شامل کر لیا گیا۔
23 ویں کامن ویلتھ گیمز میں 20 کھیل پیش کیے جائیں گے، جن کے مقابلے ریاست وکٹوریہ کے مختلف قصبوں میں منعقد کیے جائیں گے۔
کامن ویلتھ گیمز فیڈریشن اور کامن ویلتھ گیمز آسٹریلیا نے آج ملٹی سپورٹس ایونٹ کے لیے اپنے مکمل پروگرام کی نقاب کشائی کی، جس میں گالف، بی ایم ایکس اور کوسٹل روئنگ نے بھی ان گیمز میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ کرکٹ کو 2022 کے دولت مشترکہ کھیلوں کے پروگرام میں دوبارہ شامل کیا گیا تھا جو اس سے قبل 1998 کے کوالالمپور گیمز میں ہوا تھا، جہاں مردوں نے 50 اوور کے مقابلے میں حصہ لیا تھا، جسے جنوبی افریقہ نے جیتا تھا۔
Advertisement
برمنگھم 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں آٹھ ٹیموں کی خواتین نے ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں حصہ لیا۔
آئی سی سی کے جنرل مینیجر کرکٹ وسیم خان نے خواتین کی کرکٹ کی ترقی کے لیے جوش و خروش کا اظہار کیا، اور اسے اولمپک گیمز میں شامل کیے جانے کے اپنے عزائم کو پورا کرنے کے لیے ایک قدم آگے بڑھایا۔
وسیم خان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ خواتین کی کرکٹ وکٹوریہ میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز کا حصہ ہوگی۔
وسیم خان نے کہا کہ برمنگھم سمیت حالیہ برسوں میں اس کی زبردست کامیابی کے بعد یہ کھیل کے لیے ایک اور اہم سنگ میل ہوگا۔
خواتین کے کھیل اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ دونوں کی مسلسل ترقی اور اوپر کی رفتار ہمارے طویل مدتی عزائم کے ساتھ بالکل فٹ بیٹھتی ہے جس میں اولمپک گیمز کا حصہ بننا بھی شامل ہے۔
Advertisement