پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر تنویر احمد نے بنگلادیش کے خلاف ناقص کارکردگی دکھانے والے بیٹر آصف علی اور شان مسعود کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے سہ فریقی سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 21 رنز سے شکست دے دی ہے۔
اس میچ میں محمد رضوان نے ایک مرتبہ پھر 78 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ شان مسعود نے 31 رنز بنائے۔
پاکستان نے 168 رنز کے ہدف کے دفاع میں محمد وسیم کی تین وکٹوں اور محمد نواز کی دو وکٹوں کے بدولت کامیابی اپنے نام کی۔
Advertisement
افتخار احمد، حیدر علی اور آصف علی ایک مرتبہ پھر مفید اننگز کھیلنے میں ناکام رہے ہیں جس کے باعث مڈل آرڈر میں خدشات واضح ہوگئے ہیں۔
سابق فاسٹ بولر تنویر احمد نے اپنے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے ان کھلاڑیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے، خاص کر انہوں نے آصف علی کے روزانہ 150 چھکے مارنے کے بیان پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
Advertisement
تنویر احمد کا کہنا تھا کہ ’جہاں تک مڈل آرڈر کا تعلق ہے تو صورت حال وہی ہے، افتخار ہوا میں کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوئے جب کہ وہ کچھ نہ کرکے بھی پیسہ کمارہے ہیں‘۔
تنویر احمد کا آصف علی سے متعلق کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں لوگوں نے ان سے متعلق ایک دن میں 150 چھکے مارنے کے بارے میں غلط سنا ہے، وہ ایک سال میں اتنے چھکے لگاتے ہوں گے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پریکٹس سیشن کے دوران انہوں نے جو چھکے لگائے وہ انفرادی طور پر کھلانے والی گیندوں کی طرح ہوں گے اور وہ اس ہی میں خوش ہیں‘۔
دوسری جانب شان مسعود کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’شان مسعود مڈل آرڈر میں بلے بازی کرنا بالکل بھول گئے ہیں۔ میں شان مسعود کے لیے دکھی ہوں، اگرچہ انہوں نے 31 رنز بنائے لیکن وہ ایک مناسب اوپنر ہیں جو گیند کو ٹائم دیتے ہیں اور مناسب شاٹس کھیل کر دائرے کا استعمال اچھا کرتا ہیں۔
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ شاید شان مسعود بھول گئے ہیں کہ بلے بازی کیسے کرنی ہے کیونکہ وہ اپنی وکٹ چھوڑ کر جارحانہ انداز میں کھیلنے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ کم نمبر پر بیٹنگ کررہے ہیں تو شاٹس کھیلنے کی ضرورت نہیں، انہیں پہلے وکٹ پر سیٹ ہونا چاہیے اور پھر شاٹس کھیلنے چاہیے۔
واضح رہے کہ پاکستان سہ فریقی سیریز کا اپنا دوسرا میچ کل نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔
Advertisement