نپیال میں شدید بارشوں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 33 افراد ہلاک ہوگئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیپال کے شمال مغربی صوبے کرنالی میں موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچا دی ہے جس سے بچنے کیلئے ہزاروں رہائشی اپنے مکانات چھوڑ کر محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہوگئے ہیں۔
نیپال کے مغربی صوبے میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 33 افراد ہلاک ہوگئے ہیں اور درجنوں افراد زخمی جب کہ 22 افراد لاپتہ ہیں، زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
دوسری جانب لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے تاہم ریسکیو ٹیموں کو پہاڑی علاقوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
ترجمان پولیس نے میڈٰیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہم نے لوگوں کو ریسکیو کرنے کے لیے اسپیشل پولیس افسران کو تعینات کیا ہے اور ایک ہیلی کاپٹر بھی ریسکیو ٹیم کو فراہم کیا ہے جس کی مدد سے وہ لوگوں کو پہاڑی علاقوں سے نکالنے کی کوشش کریں گے۔
Advertisement
انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے خراب موسم کے باعث ریسکیو آپریشن رکا ہوا ہے اور ہمیں کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔
نیپالی حکام کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارش کے باعث دریائے کرنالی میں بھی پانی زیادہ ہوگیا جو 12 میٹر (39 فٹ) کی بلندی پر آچکا ہے جب کہ دریا کے آس پاس موجود تمام پل پر بھی پانی جمع ہوچکا ہے۔
حکومت کی جانب سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے لوگوں کو امدادی سامان مہیا کیا گیا ہے جب کہ اقوام متحدہ کی ایجنسیوں نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں کھانا اور ضروری ادویات تقسیم کرنے میں مصروف ہیں۔
Advertisement