پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) الیون اور لاہور قلندرز کے درمیان 28 مئی کو نارووال اسپورٹس کمپلیکس کے سافٹ اوپننگ کے موقع پر ٹی 10 کا نمائشی میچ ہوگا۔
میچ کے انعقاد کا فیصلہ وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں وزیراعظم شہباز شریف بھی شرکت کریں گے۔
میچ کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کر لیا گیا ہے جس میں فخر زمان اور حارث رؤف جیسے کھلاڑی شامل ہوں گے۔
فخر اور رؤف کے ساتھ طاہر بیگ، جلات خان، احسن بھٹی اور احمد دانیال اور پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کے کچھ کھلاڑی لاہور قلندرز کے سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
پی سی بی الیون کے لیے کامران اکمل، عابد علی، آصف علی، ساجد خان، علی عمران اور عثمان قادر کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ خوشدل شاہ، عباس آفریدی، محمد الیاس، محمد اخلاق اور عامر حسن کو اپنی کرکٹ کی مہارت دکھانے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
اس میچ کا انعقاد پاکستان سپورٹس بورڈ کر رہا ہے۔ اسپورٹس کمپلیکس کے اسٹیڈیم میں ایک وقت میں دس ہزار سے زائد تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔
نارووال اسپورٹس کمپلیکس ایک جدید ترین سہولت ہے جس میں کرکٹ، فٹ بال، ہاکی، والی بال، اسکواش، ٹیبل ٹینس، لان ٹینس، بیڈمنٹن اور دیگر کھیلوں سمیت مختلف کھیلوں کے لیے 14 اسٹیڈیم اور جمنازیم شامل ہیں۔