
برطانیہ کی کاؤنٹی سرے میں 10 سال کی بچی سارہ کی لاش ملنے کے واقعے پر پاکستانی پولیس کا بیان بھی سامنے آگیا۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ برطانوی فیڈرل انوسٹی گیشن سروس نے پاکستان پولیس سے رابطہ کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پاکستانی پولیس کا کہنا ہے کہ ہمیں عرفان شریف کا کھوج لگانے کا کہا گیا ہے گرفتار کرنے کا نہیں۔
خیال رہے کہ بچی کی لاش 10 اگست کو سرے کے علاقے ووکنگ میں گھر سے ملی تھی۔ پولیس نے بچی کے والد عرفان شریف، اس کی بیوی اور بھائی فیصل کو نامزد کیا ہے۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ لاش ملنے سے ایک دن قبل تینوں نامزد افراد پاکستان فرار ہوئے۔ عرفان نے اسلام آباد پہنچ کر بچی کی اطلاع ایمرجنسی نمبر پر دی۔
برطانوی پولیس نے بتایا کہ گھر سے بچی کی لاش ملی، جسم پر پرانے زخم کے نشانات تھے، پوسٹ مارٹم میں موت کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔
حکام کے مطابق طویل عرصے کے زخموں کی وجہ سے تحقیقات کی نوعیت تبدیل ہوئی، تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جارہا ہے، کرائم پراسیکیوشن سروس، انٹرپول، نیشنل کرائم ایجنسی، فارن آفس سے مل کر تحقیقات کر رہے ہیں۔
برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے پر پاکستانی حکام سے بھی رابطہ کیا جارہا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ملزمان کی حوالگی کا معاہدہ نہیں ہے۔