
نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس لاہور میں ایشیا کپ کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔ پولیس نے نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں سیکیورٹی کے انتظامات سنبھال لیے ہیں۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ایشیا کپ کے 3 میچز شیڈولڈ ہیں۔
ایشیا کپ کے میچز کے سیکیورٹی انتظامات کے لیے نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس کے داخلی راستوں اور قذافی اسٹیڈیم کے اطراف پولیس نے حفاظتی بیرئیرز لگادیے ہیں۔
ہوٹل سے قذافی اسٹیڈیم تک کے راستے پر لائٹس لگانے کا بھی سلسلہ جاری ہے، قذافی اسٹیڈیم کے ریسٹورنٹس اور شادی ہالز 26 اگست سے بند کرنے کا سلسلہ شروع ہوگا۔
ایشیا کپ میں شرکت کےلیے افغانستان کی ٹیم 28 اگست کو لاہور پہنچے گی، سری لنکا اور بنگلادیش کی ٹیموں نے بھی لاہور پہنچنا ہے۔
لاہور میں ایشیا کپ کے میچز 3، 5 اور 6 ستمبر کو ہوں گے۔